
کولمبو، 26 اگست (ہ س)۔ ہندوستان نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے چوتھے دن سری لنکا کو پہلی اننگز میں 290 رن پر آل آوٹ کر کے فالو آن پر مجبور کر دیا۔ ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز نو وکٹ پر 503 رن بنا کر ڈکلیئر کی تھی۔
دن کی شروعات کے بعد ہندوستان کو سری لنکا کی آخری دو وکٹیں حاصل کرنے میں صرف 15 منٹ لگے۔ سونل دینوشا نے شاندار 103 رن بنائے۔ یہ اس سیریز میں ان کی دوسری سنچری ہے۔ وہ سری لنکا کی اننگز کے آخری بلے باز کے طور پر آوٹ ہوئے۔
ہندوستان کے لیے پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے اسپن گیند باز سارانش جین نے سری لنکا کی آخری دونوں وکٹیں لیں۔ تیز گیند باز پرسدھ کرشنا اور اسپن گیند باز مانو سوتھار نے بھی تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
خبر لکھے جانے تک سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں 5 رن پر 1 وکٹ گنوا دی ہے۔ محمد سراج نے لاہیرو اڈارا (03) کو سارانش جین کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرایا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن