
نئی دہلی، 25 اگست (ہ س)۔
مرکزی حکومت نے پیاز کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے سخت قدم اٹھایا ہے۔ مہاراشٹر کے ناسک سے 800 ٹن پیاز لے کر پہلی ’کاندہ ایکسپریس‘ بدھ کے روز قومی دارالحکومت نئی دہلی پہنچے گی۔ دہلی میں 35 روپے فی کلوگرام کی رعایتی (سبسڈی والی) شرح پر پیاز فروخت کی جائے گی۔
امورِ صارفین کی سکریٹری ندھی کھرے نے بتایا کہ دہلی میں پیاز کی خوردہ فروخت نافیڈ، این سی سی ایف اور کیندریہ بھنڈار کے اسٹورز کے ذریعے کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ چار دیگر مراکز - چنئی، ایرناکولم، مدرائی اور گوہاٹی کے لیے مخصوص ریلوے ریک کے ذریعے کاندہ ایکسپریس سے تھوک پیاز بھیجی جا رہی ہے۔ ان مراکز کے لیے بھیجی جا رہی پیاز مہاراشٹر کے ناسک میں رکھے گئے بفر اسٹاک کا حصہ ہے۔ کھرے نے بتایا کہ پیاز کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے اس اسٹاک کو مارکیٹ میں لایا جا رہا ہے۔
وزارتِ امورِ صارفین کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، 24 اگست کو ملک میں پیاز کی اوسط خوردہ قیمت سالانہ بنیاد پر 59 فیصد بڑھ کر 43.53 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے، جبکہ ایک سال قبل یہ 27.37 روپے فی کلوگرام تھی۔ اسی طرح اوسط تھوک قیمت 68 فیصد بڑھ کر 35.58 روپے فی کلوگرام ہو گئی، جو ایک سال قبل 21.23 روپے فی کلوگرام تھی۔
ملک کے بڑے شہروں میں پیر کے روز پیاز کی خوردہ قیمت چنئی میں 60 روپے فی کلو رہی، جبکہ ایک سال پہلے یہ 33 روپے تھی۔ دہلی میں قیمت 55 روپے فی کلو رہی، جو ایک سال پہلے 35 روپے تھی۔ وہیں کولکاتا میں پیاز 53 روپے فی کلوگرام فروخت ہو رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن