
نئی دہلی، 24 اگست (ہ س)۔ یش بھاٹیا کی شاندار نصف سنچری اور پریکشیت سہراوت کی عمدہ گیند بازی کی بدولت نارتھ دہلی اسٹرائیکرز نے اتوار کی دیر رات دہلی پریمیئر لیگ(ڈی پی ایل) 2026 کے مقابلے میں آؤٹر دہلی واریئرز کو 39 رنز سے شکست دے دی۔
ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں نارتھ دہلی اسٹرائیکرز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔ جواب میں آؤٹر دہلی واریئرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر صرف 127 رنز بنا سکی۔
نارتھ دہلی کی جانب سے یش بھاٹیا نے 38 گیندوں پر 53 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ ان کے بعد کوشل سمن نے 26 گیندوں پر 33 رنز کی مفید اننگز کھیلی اور ٹیم کے اسکور کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
167 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری آؤٹر دہلی واریئرز کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ نویں اوور تک ٹیم نے صرف 47 رنز کے مجموعی اسکور پر اپنے تین اہم وکٹیں گنوا دیے تھے۔اس کے بعد ہرش تیاگی نے جارحانہ نصف سنچری بنا کر ٹیم کی امیدیں ضرور جگائیں، لیکن وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث آؤٹر دہلی کی اننگز سنبھل نہ سکی۔
نارتھ دہلی کے گیند باز پریکشیت سہراوت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے 4 اوورز میں محض 10 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ایک میڈن اوور بھی کیا۔ ان کی نپی تلی گیند بازی کے باعث آؤٹر دہلی کے بلے باز کھل کر شاٹس نہیں کھیل سکے۔
آخرکار آؤٹر دہلی واریئرز کی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 127 رنز ہی بنا سکی اور اسے 39 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan