
پال گھر ، 24 اگست (ہ س): پال گھر ضلع کے نائگاؤں علاقے میں پولیس نے دو شاطر چوروں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 9 لاکھ 14 ہزار 900 روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران دونوں ملزمان نے 3 وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس کے مطابق نائگاؤں مشرق کے کامن علاقے کے رہنے والے کِسن سنگھ دیوی سنگھ راجپوت 7 اگست کو اپنے اہل خانہ کے ساتھ راجستھان گئے تھے۔ اسی دوران 7 اگست کی دوپہر 3 بجے سے 9 اگست کی صبح 7 بجے کے درمیان چوروں نے ان کے گھر کا تالا توڑ کر اندر داخل ہو کر الماری میں رکھے سونے اور چاندی کے زیورات اور نقد رقم سمیت تقریباً 4 لاکھ 25 ہزار روپے مالیت کا سامان چوری کر لیا اور فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی۔ تفتیش کے دوران پولیس نے معین الدین نظام الدین شیخ اور دلیپ کمار رام رتن جیسوال کو حراست میں لیا۔ پوچھ گچھ اور تفتیش کے دوران نائگاؤں پولیس اسٹیشن میں درج 2 مزید وارداتوں اور کشمیرا پولیس اسٹیشن میں درج ایک واردات کا بھی انکشاف ہوا۔ پولیس کے مطابق معین الدین کے خلاف ممبئی، تھانے، پال گھر اور جلگاؤں کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں چوری اور گھر میں نقب زنی سمیت کئی مقدمات پہلے سے درج ہیں۔ پولیس دونوں ملزمان سے مزید پوچھ گچھ کر رہی ہے اور ان کی جانب سے کی گئی دیگر وارداتوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے