ناگپور کے گودھنی میں کلورین گیس کے اخراج سے 40 افراد اسپتال میں داخل، 3 کی حالت تشویشناک
ناگپور ، 23 اگست (ہ س) مہاراشٹر کے ناگپور میں گودھنی نگر پنچایت کے فاغوجی نگر علاقے میں واقع واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں گزشتہ رات ریزرو کلورین سلنڈر سے گیس کے اخراج کے باعث تقریباً 40 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان میں سے 3 افراد کی حالت
Nagpur Chlorine Gas Leak


ناگپور ، 23 اگست (ہ س) مہاراشٹر کے ناگپور میں گودھنی نگر پنچایت کے فاغوجی نگر علاقے میں واقع واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں گزشتہ رات ریزرو کلورین سلنڈر سے گیس کے اخراج کے باعث تقریباً 40 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان میں سے 3 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ناگپور فائر بریگیڈ، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، پولیس اور دیگر حفاظتی اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ احتیاطی اقدام کے طور پر 200 میٹر کے علاقے کو سیل کرکے لوگوں کی آمد و رفت روک دی گئی ہے۔

موقع پر امدادی اور بچاؤ کارروائی میں مصروف پولیس افسر کے مطابق واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں کلورین گیس کے 2 سلنڈر رکھے گئے تھے۔ ان میں سے ایک سلنڈر استعمال میں تھا، جبکہ دوسرا ریزرو رکھا گیا تھا۔ رات تقریباً 12 بج کر 30 منٹ پر ریزرو سلنڈر سے اچانک گیس خارج ہونے لگی۔ کچھ ہی دیر میں آس پاس کے علاقے میں کلورین گیس پھیل گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایک مقامی سماجی کارکن نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر تقریباً 200 میٹر کے علاقے کو خالی کرایا اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ گیس سے متاثرہ تقریباً 40 افراد کو گودھنی روڈ کے میکس اسپتال، میو اسپتال اور اسپارش اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان میں سے 3 مریضوں کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔

گیس کے اخراج کو قابو میں کرنے کے لیے این ڈی آر ایف کی ٹیم موقع پر پہنچ کر لیکیج روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ صحت کی ٹیم بھی علاقے میں پہنچ گئی ہے اور گھر گھر جاکر لوگوں کی صحت کی جانچ کر رہی ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ گیس کے اخراج کے وقت واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں کوئی ملازم موجود نہیں تھا۔ اس صورتحال کے بعد پلانٹ کی حفاظتی انتظامات، رات کے وقت ملازمین کی غیر موجودگی اور کلورین سلنڈروں کی ہینڈلنگ کے حوالے سے کئی سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔ پولیس اور متعلقہ ادارے واقعے کی صورتحال اور گیس کے اخراج کی وجوہات کی جانچ کر رہے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande