
ممبئی ، 24 اگست (ہ س) ممبئی میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں سرکاری ثانوی اسکولوں، میونسپل کارپوریشن سے امداد یافتہ اور غیر امداد یافتہ پرائمری اسکولوں میں فزیکل فیسلٹی انسپیکشن افسران کی کل 89 اسامیاں خالی ہیں۔ ان خالی اسامیوں کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے ممبئی مضافاتی علاقے کے نگراں وزیر آشیش شیلار نے پیر کو انتظامیہ کو ان اسامیوں کو فوری طور پر پُر کرنے کی ہدایت دی۔
وزیر آشیش شیلار نے ممبئی شہر اور مضافاتی علاقوں کے تمام اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے، تعلیمی معیار، طلبہ کی سلامتی اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے حکومت اور میونسپل کارپوریشن کے متعلقہ افسران کا اجلاس طلب کیا تھا۔ اجلاس میں اسکولوں کی بنیادی سہولیات کے معائنے کے نظام اور افسران کی کمی کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر نے بتایا کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں ریاستی حکومت کی منظوری سے کل 505 ثانوی اسکول ہیں۔ ان میں 240 اسکول مشرقی مضافاتی علاقوں اور 265 اسکول مغربی مضافاتی علاقوں میں واقع ہیں۔ ان اسکولوں کی بنیادی سہولیات کا معائنہ کرنے کے لیے صرف 15 ایجوکیشن سب انسپکٹر اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر موجود ہیں، جبکہ 18 اسامیاں خالی ہیں۔
اسی طرح ممبئی میونسپل کارپوریشن کے 1,132 پرائمری اسکولوں اور امداد یافتہ و غیر امداد یافتہ اسکولوں سمیت کل 2,132 اسکولوں کی بنیادی سہولیات کا معائنہ کرنے کے لیے صرف 11 ڈپارٹمنٹل انسپکٹر موجود ہیں، جبکہ 71 اسامیاں خالی ہیں۔ اس طرح اسکولوں کی بنیادی سہولیات کے معائنے سے متعلق مجموعی طور پر 89 اسامیاں خالی ہیں۔ نگراں وزیر نے کہا کہ اسکولوں میں بیت الخلا، عمارت، کلاس روم، بجلی، پانی اور حفاظتی انتظامات سمیت 10 مختلف بنیادی سہولیات کا معائنہ ہر تین سال میں میونسپل کارپوریشن اور ریاستی حکومت کے متعلقہ افسران کی جانب سے کیا جاتا ہے۔ تاہم، معائنہ کرنے والے افسران کی 89 اسامیاں خالی ہونے کے باعث معائنے کے نظام پر اثر پڑنے کا خدشہ ہے، جس کا اثر تعلیمی نظام پر بھی پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ معائنہ افسران کی خالی اسامیوں کو پُر کرنے کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے اور اسکولوں کے معائنے کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ باقاعدہ معائنہ، رپورٹنگ اور سامنے آنے والی خامیوں پر فوری کارروائی کے لیے ایک مؤثر نظام وضع کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ وزیر آشیش شیلار نے واضح کیا کہ اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے میں کسی بھی قسم کی کمی نہیں رہنی چاہیے۔ طلبہ کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور ہر اسکول میں ضروری بنیادی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جانی چاہیے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے