
ممبئی ، 24 اگست (ہ س): مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے پیر کو کہا کہ امراوتی کے ضلع خواتین اسپتال میں آگ لگنے کے واقعے کی جانچ کے لیے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی کو اپنی مکمل جانچ کرکے ایک ہفتے کے اندر حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ رپورٹ میں جو بھی افراد قصوروار پائے جائیں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں کے لیے 5 لاکھ روپے کی مالی امداد کا بھی اعلان کیا ہے۔
ریاست کے وزیر صحت پرکاش آمیبٹکر نے آج امراوتی ضلع خواتین اسپتال کا دورہ کیا اور آگ لگنے کے واقعے کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں آگ لگنے سے 3 بچوں کی موت ہوئی ہے اور یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ وزیر صحت کے مطابق واقعے کی جانچ ریاست کے ہیلتھ کمشنر سنجے کاٹکر کی سربراہی میں تشکیل دی گئی 7 رکنی کمیٹی کرے گی۔ کمیٹی کو 7 دن میں مکمل جانچ کرکے حکومت کو رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔ کمیٹی اسپتال میں پیش آنے والے واقعے کی تمام پہلوؤں سے جانچ کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جانچ رپورٹ میں جس کسی کی بھی لاپروائی یا قصور سامنے آئے گا، اسے بخشا نہیں جائے گا۔
پرکاش آمیبٹکر نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 3 بچوں کے خاندانوں کو وزیر اعلیٰ کی جانب سے 5 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ اس کے علاوہ حادثے میں زخمی ہونے والے نوزائیدہ بچوں کا علاج بھی حکومت کے خرچ پر کرایا جائے گا۔واضح رہے کہ پیر کی علی الصبح امراوتی ضلع خواتین اسپتال کی تیسری منزل پر قائم چائلڈ وارڈ میں اچانک آگ لگ گئی تھی۔ اس حادثے میں 3 بچوں کی موت ہوگئی جبکہ 6 دیگر بچے زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے اسپتال کا دورہ کیا اور حادثے کی تفصیلی جانچ کا مطالبہ کیا تھا۔
اسی مطالبے کے پیش نظر محکمہ صحت کی جانب سے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو حادثے کی وجوہات اور اسپتال میں موجود انتظامات کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لے کر مقررہ مدت میں اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے