
مغربی بردوان، 24 اگست (ہ س)۔ مغربی بنگال میں امن و امان کی صورتحال مضبوط بنانے اور آئندہ تہواروں کے دوران سکیورٹی کے انتظامات مزید پختہ کرنے کے لیے مرکزی حکومت نے ریاست میں مرکزی نیم فوجی دستوں کی 50 اضافی کمپنیاں بھیجی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں مرکزی فورسز کی مجموعی تعیناتی بڑھ کر تقریباً 100 کمپنی ہوگئی ہے۔انتظامی ذرائع کے مطابق اتوار کی رات تقریباً 8 بجے مرکزی فورسز کی 6 کمپنیاں آسنسول ریلوے اسٹیشن پہنچیں۔ ان جوانوں کو ریاست کے مختلف حساس علاقوں میں تعینات کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق انتخابات کے بعد ریاست میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مرکزی فورسز کی متعدد کمپنیاں پہلے ہی تعینات تھیں۔ حالات معمول پر آنے کے بعد تقریباً 100 کمپنیوں کو واپس بلا لیا گیا تھا۔ اب تہواروں کے موسم کے پیش نظر ایک بار پھر مرکزی فورسز کی 50 اضافی کمپنیاں ریاست میں بھیجی گئی ہیں۔نئی تعیناتی میں بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف)، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور سشستر سیما بل (ایس ایس بی) کے جوان شامل ہیں۔ ان کی بنیادی ذمہ داری حساس علاقوں میں گشت اور روٹ مارچ کرنا، مشتبہ سرگرمیوں پر نظر رکھنا اور مقامی پولیس کے ساتھ تال میل کے ذریعے کسی بھی قسم کی بدامنی کو روکنا ہوگی۔آئندہ درگا پوجا کے پیش نظر ریاست میں سکیورٹی انتظامات کو خصوصی طور پر مضبوط کیا جا رہا ہے۔ تہوار کے دوران بڑی تعداد میں لوگوں کے سڑکوں پر نکلنے کے باعث بھیڑ کو قابو میں رکھنا اور عام شہریوں کی حفاظت انتظامیہ کے لیے اہم چیلنج ہوتا ہے۔اضافی مرکزی فورسز کی تعیناتی سے حساس علاقوں میں سکیورٹی مزید مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ عام لوگوں میں بھی تحفظ کا احساس بڑھنے کی امید ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مرکزی فورسز کی تعیناتی کا بنیادی مقصد امن و امان برقرار رکھنا اور تہواروں کے دوران پرامن ماحول کو یقینی بنانا ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan