
چنڈی گڑھ، 23 اگست(ہ س)۔ ہندوستانی کرکٹر شبھمن گل شیر پنجاب ٹی 20 لیگ میں فاضلکا فالکنز کی قیادت کرنے پر پرجوش ہیں۔ ٹیم میں نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ان کے لیے سیکھنے اور تجربات شیئرکرنے کا ایک بہترین موقع ہوگا۔
شیر پنجاب ٹی 20 لیگ 30 اگست کو چنڈی گڑھ کے آئی ایس بندرا اسٹیڈیم میں شروع ہوگی۔ چھ ٹیمیں خطاب کے لیے مقابلہ کریں گی، پنجاب کے بہت سے ہونہار نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملے گا۔ فاضلکا فالکنز کی کپتانی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان شبھمن گل کریں گے۔
کپتانی اور ٹیم پر تبصرہ کرتے ہوئے شبھمن گل نے ایک بیان میں کہا: میں فاضلکا فالکنز کی کپتانی کرنے پر بہت پرجوش ہوں۔ ہمارے پاس باصلاحیت اور دلچسپ کھلاڑیوں کا ایک گروپ ہے۔ میں ٹیم کے ساتھ کام کرنے اور سب کے ساتھ کھیلنے کا منتظر ہوں۔ یہ ہم سب کے لیے ایک دوسرے سے سیکھنے اور اچھی کرکٹ کھیلنے کا بہترین موقع ہوگا۔
گل نے پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کی بھی تعریف کی، جس نے نوجوان کرکٹرز کو اپنے کیریئر میں ترقی کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے لیگ کا اہتمام کیا ہے۔
میں شیر پنجاب ٹی 20 لیگ کے انعقاد کے لیے پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ یہ پنجاب کے نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز کے لیے ایک بہت اہم پلیٹ فارم ہے۔ انہیں تجربہ کار اور معیاری کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنے، تجربہ حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔ امید ہے کہ ان میں سے بہت سے کھلاڑی اس ٹورنامنٹ کو بڑے مواقع کی طرف ایک قدم کے طور پر استعمال کرسکیں گے۔
گل فاضلکا فالکنز کے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا تجربہ بانٹنے کے لیے بھی پرجوش ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ خود اعتمادی، میچ کے حالات کو سمجھنا اور دباو¿ میں صحیح فیصلے کرنے کی صلاحیت نوجوان کرکٹرز کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ وہ اپنی صلاحیت پر اعتماد رکھیں اور دباو¿ کے حالات میں پرسکون رہیں۔ میں کھیل کو بہتر طور پر سمجھنے میں ان کی مدد کرنا چاہتا ہوں، چاہے وہ حالات کو سمجھناہو، صحیح فیصلے کرنا ہوں یا دباو¿ کو سنبھالنا ہو۔ یہ چیزیں تجربے کے ساتھ آتی ہیں اور اگر میں اپنے تجربے سے جو کچھ سیکھا ہے اسے ان کے ساتھ بانٹ سکوں تو یہ میرے لیے بھی ایک اچھا موقع ہوگا۔
ٹورنامنٹ جیتنا یقینی طور پر فاضلکا فالکنز کا بنیادی ہدف ہوگا، لیکن گل کے مطابق لیگ کی بڑی کامیابی کا تعین اس بات سے بھی ہوگا کہ اس سے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے کتنے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔
گل نے کہا، یقینا ہمارا مقصد ٹرافی جیتنا ہوگا لیکن میرے لیے کامیابی کا مطلب یہ بھی ہوگا کہ ہماری ٹیم کے نوجوان کھلاڑی پورے ٹورنامنٹ میں کتنی ترقی کرتے ہیں۔
توقع ہے کہ شیر پنجاب ٹی 20 لیگ مقابلے کو مزید دلچسپ بنا دے گی جس میں ریاست کے بہت سے ابھرتے ہوئے کرکٹرز ایک اسٹیج پر اکٹھے ہوں گے۔ فاضلکا فالکنز کے کپتان کے طور پر شبھمن گل کی موجودگی ٹیم میں تجربے کے ساتھ ساتھ جوش و خروش میں اضافہ کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی