
کولمبو ٹیسٹ: پڈیکل کی سنچری سے ہندوستان مضبوط، پہلے دن 5 وکٹوں کے نقصان پر 300 رن بنائے
کولمبو، 23 اگست (ہ س)۔
ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کولمبو میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہو گیا ہے۔ اتوار کو ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کے لیے اترنے والی ہندوستانی ٹیم نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک 85 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 300 رن بنا لیے ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے دیودت پڈیکل نے شاندار سنچری بناتے ہوئے 117 رن بنائے۔ وکٹ کیپر بلے باز دھرو جوریل سات اور سارانش جین چار رن بنا کر ناٹ آوٹ لوٹے۔
ہندوستانی ٹیم نے پہلی اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا۔ ابتدائی ایک گھنٹے میں ٹیم نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 30 سے زائد رن جوڑے۔ تاہم، 37 رن کے اسکور پر ہندوستان کو پہلا جھٹکا لگا۔ کے ایل راہل 33 گیندوں پردو چوکوں اورایک چھکے کی مدد سے 18 رن بنا کر آوٹ ہوئے۔ اس کے بعد 66 رن کے مجموعی اسکور پر ہندوستانی ٹیم کی دوسری وکٹ گری۔ یشسوی جیسوال 53 گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے 45 رن بنا کر واپس لوٹے۔
دیودت پڈیکل نے کپتان شبھمن گل کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ شاندار فارم میں چل رہے پڈیکل نے پہلے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ بعد میں کپتان گل نے بھی ففٹی بنائی، لیکن 186 رن کے اسکور پر گل 108 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 50 رن بنا کر آوٹ ہو گئے۔ گل نے پڈیکل کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 120 رن کی اہم شراکت داری کی۔
اس کے بعد 207 رن کے اسکور پر ریشبھ پنت کو سری لنکن تیز گیندباز لاہیرو کمارا کی گیند کلائی پر لگ گئی۔ چوٹ لگنے کے بعد پنت کافی تکلیف میں نظر آئے اور تین رن کے انفرادی اسکور پر ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر میدان سے باہر چلے گئے۔ ان کے جانے کے بعد رویندر جڈیجہ بلے بازی کے لیے آئے۔ جڈیجہ نے پڈیکل کے ساتھ مل کر ہندوستانی اننگز کو آگے بڑھایا۔ اس دوران پڈیکل نے سری لنکا کے خلاف مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں سنچری بنائی۔ یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی بھی دوسری سنچری ہے۔ انہوں نے 168 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔ گالے میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی پڈیکل نے شاندار 167 رن بنائے تھے۔
تاہم، پڈیکل سنچری کے بعد اپنی اننگز کو مزید لمبا نہ کھینچ سکے۔ وہ 193 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 12 چوکوں کی مدد سے 117 رن کی شاندار اننگز کھیل کر آوٹ ہوئے۔ اس کے بعد رویندر جڈیجہ بھی زیادہ دیر تک کریز پر نہیں ٹھہر سکے اور 83 گیندوں پر 43 رن بنا کر آوٹ ہوئے۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستان نے پانچ وکٹوں پر 300 رن بنا لیے تھے۔سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو سب سے کامیاب گیند باز رہے، انہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ لاہیرو کمارا اور کیشرا نوانتھا کو ایک ایک کامیابی ملی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن