
میکے ،آسٹریلیا، 23 اگست (ہ س)۔ مچل اسٹارک کی تباہ کن گیند بازی کی بدولت آسٹریلیا نے میکے کے گریٹ بیریئر ریف ایرینا میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں اتوار کو بنگلہ دیش کو اننگز اور 51 رنز سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے ساتھ آسٹریلیا نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ بنگلہ دیش نے پہلا ٹیسٹ 9 وکٹوں سے جیتا تھا، تاہم دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے مکمل طور پر اپنا غلبہ قائم رکھا۔
آسٹریلیا کی کامیابی کے سب سے بڑے ہیرو مچل اسٹارک رہے۔ انہوں نے دوسرے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کیں اور انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سیریز میں شاندار کارکردگی پر اسٹارک کو پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز بھی ملا۔ انہوں نے دو میچوں میں مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسرے ٹیسٹ کا فیصلہ محض دو دن میں ہوگیا۔ اتوار کو آسٹریلیا نے دوسرے دن 8 وکٹوں پر 165 رنز سے اپنی پہلی اننگز آگے بڑھائی اور 210 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح آسٹریلیا کو بنگلہ دیش کے خلاف پہلی اننگز میں 146 رنز کی اہم برتری حاصل ہوئی۔آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین نے 105 گیندوں پر سب سے زیادہ 67 رنز بنائے۔ اسٹیو اسمتھ نے 42، ناتھن لیون نے 32 اور ٹریوس ہیڈ نے 22 رنز کا حصہ ڈالا۔بنگلہ دیش کے لیے شریف الاسلام نے 7 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تسکین احمد، تیج الاسلام اور مہدی حسن میراز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
146 رنز سے پیچھے رہنے کے بعد دوسری اننگز میں بیٹنگ کے لیے اتری بنگلہ دیش کی ٹیم ایک بار پھر آسٹریلیائی تیز گیند بازوں کے سامنے بے بس نظر آئی۔ پوری ٹیم 38.3 اوورز میں صرف 95 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اسے اننگز اور 51 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان نجم الحسین شانتو نے سب سے زیادہ 31 رنز بنائے، جبکہ مشفق الرحیم 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی بلے باز 10 رنز کے ہندسے تک نہیں پہنچ سکا۔آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں مچل اسٹارک نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کپتان پیٹ کمنز اور ناتھن لیون نے 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
اس سے قبل بنگلہ دیش کی پہلی اننگز صرف 64 رنز پر سمٹ گئی تھی۔ ٹیم کی شروعات انتہائی خراب رہی اور صرف 21 رنز کے مجموعی اسکور تک اس کے 6 وکٹیں گر چکی تھیں۔ ٹاپ 6 بلے بازوں میں سے 4 اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔نچلے آرڈر کے بلے بازوں نے کسی حد تک مزاحمت کرتے ہوئے ٹیم کو 64 رنز تک پہنچایا۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ پیٹ کمنز نے 3 اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan