
نئی دہلی، 21 اگست (ہ س)۔
گھریلو شیئر بازار نے آج پورے دن محدود دائرے میں اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنے کے بعد معمولی تیزی کے ساتھ تقریباً فلیٹ سطح پر کاروبار ختم کیا۔ آج کاروبار کا آغاز مضبوطی کے ساتھ ہوا تھا۔ بازار کھلتے ہی خریداروں اور فروخت کنندگان کے درمیان رسہ کشی شروع ہوگئی، جس کی وجہ سے سینسیکس اور نفٹی دونوں اشاریوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ دن کے پہلے سیشن میں خریدار بار بار خریداری کا دباؤ بنانے کی کوشش کرتے رہے، لیکن دوسرے سیشن میں زیادہ تر وقت فروخت کنندگان کا غلبہ رہا۔ فروخت کے دباؤ کے باوجود دن کے اختتام پر سینسیکس 0.004 فیصد اور نفٹی 0.08 فیصد کی معمولی تیزی کے ساتھ بند ہوئے۔
بی ایس ای کا سینسیکس آج 163.35 پوائنٹس یعنی 0.21 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ 77,701.07 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار شروع ہوتے ہی بازار میں اتار چڑھاؤ شروع ہوگیا۔ فروخت کے دباؤ میں سینسیکس افتتاحی سطح سے 255.21 پوائنٹس گر کر 91.86 پوائنٹس یعنی 0.12 فیصد کی کمزوری کے ساتھ 77,445.86 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
اس کے بعد خریداروں نے خریداری شروع کی، جس سے یہ اشاریہ نچلی سطح سے 279.81 پوائنٹس اچھل کر 187.95 پوائنٹس یعنی 0.24 فیصد کی تیزی کے ساتھ 77,725.67 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔ دن کے دوسرے سیشن میں بازار میں مسلسل فروخت ہوتی رہی، جس کی وجہ سے یہ اشاریہ بلند ترین سطح سے تقریباً 185 پوائنٹس پھسل گیا اور 3.11 پوائنٹس یعنی 0.004 فیصد کی علامتی تیزی کے ساتھ 77,540.83 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
سینسیکس کی طرح این ایس ای کے نفٹی نے بھی آج 52.20 پوائنٹس یعنی 0.22 فیصد کی تیزی کے ساتھ 24,284.05 پوائنٹس کی سطح سے کاروبار شروع کیا۔ بازار کھلتے ہی منافع وصولی شروع ہونے کے باعث یہ اشاریہ کچھ ہی دیر میں افتتاحی سطح سے 77.25 پوائنٹس گر کر 25.05 پوائنٹس یعنی 0.10 فیصد کی کمزوری کے ساتھ 24,206.80 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
آج دن بھر کے کاروبار کے دوران دھات، پی ایس یو بینک اور رئیلٹی سیکٹر کے حصص میں مسلسل خریداری ہوتی رہی۔ اسی طرح کیپٹل گڈز، کنزیومر ڈائریبلز اور پبلک سیکٹر انٹرپرائز انڈیکس بھی تیزی کے ساتھ بند ہوئے۔ دوسری جانب آٹوموبائل، آئی ٹی اور میڈیا سیکٹر کے شیئرز میں آج مسلسل فروخت ہوتی رہی۔ اس کے علاوہ ایف ایم سی جی، آئل اینڈ گیس اور فارماسیوٹیکل انڈیکس بھی گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ گلوبل مارکیٹ میں آج مسلسل خریداری دیکھی گئی۔ نفٹی مڈ کیپ انڈیکس 0.10 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ بند ہوا، جبکہ اسمال کیپ انڈیکس نے 0.69 فیصد کی تیزی کے ساتھ آج کے کاروبار کا اختتام کیا۔
آج دن بھر کے کاروبار کے دوران این ایس ای میں 3,058 شیئرز میں فعال کاروبار ہوا۔ ان میں سے 1,580 شیئرز منافع کے ساتھ سبز نشان میں جبکہ 1,478 شیئرز نقصان کے ساتھ سرخ نشان میں بند ہوئے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئرز میں سے 13 شیئرز تیزی کے ساتھ، جبکہ 16 شیئرز گراوٹ کے ساتھ اور ایک شیئرز بغیر کسی اتار چڑھاو¿ کے بند ہوا۔ نفٹی میں شامل 50 شیئرز میں سے 25 شیئرز سبز نشان میں، 24 شیئرزسرخ نشان میں اور ایک شیئرز بغیر کسی اتار چڑھاو¿ کے بند ہوا۔
آج دن بھر کی خرید و فروخت کے بعد اسٹاک مارکیٹ کے بڑے شیئرزمیں پاور گرڈ کارپوریشن 2.87 فیصد، ایچ ڈی ایف سی لائف 2.36 فیصد، کوٹک مہندرا 1.37 فیصد، نیسلے 1.31 فیصد اور بھارت الیکٹرانکس 1.12 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ آج کے ٹاپ پانچ گینرز میں شامل رہے۔ دوسری جانب ماروتی سوزوکی 1.77 فیصد، ٹرینٹ لمیٹڈ 1.55 فیصد، ایچ سی ایل ٹیکنالوجی 1.21 فیصد، انٹرگلوب ایوی ایشن 1.06 فیصد اور او این جی سی 0.88 فیصد کی کمزوری کے ساتھ آج کے ٹاپ پانچ لوزرز میں شامل رہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ