
نئی دہلی، 21 اگست (ہ س)۔
بھارت کی ساتوک سائی راج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی جوڑی بی ڈبلیو ایف عالمی بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2026 سے باہر ہو گئی ہے۔ اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں جمعہ کو کھیلے گئے مردوں کے ڈبلز کوارٹر فائنل میں بھارتی جوڑی کو چین کے لیانگ وی کینگ اور وانگ چانگ کے ہاتھوں 18-21، 9-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس شکست کے ساتھ عالمی چیمپئن شپ میں بھارت کا مردوں کے ڈبلز کا چیلنج ختم ہو گیا۔ اب ٹورنامنٹ میں بھارت کی واحد امید خواتین کی ڈبلز جوڑی ٹریسا جولی اور گایتری گوپی چند ہیں، جنہوں نے اس سے قبل سیمی فائنل میں پہنچ کر بھارت کے لیے کانسے کا تمغہ یقینی بنا دیا تھا۔
ساتوک اور چراغ گزشتہ سال عالمی چیمپئن شپ میں کانسے کا تمغہ جیتنے کے بعد اس بار میدان میں اترے تھے۔ 2025 کے سیمی فائنل میں انہیں ایک اور چینی جوڑی لی یی اور بو یانگ چن کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔
پہلے گیم میں سخت مقابلہ
مسلسل دوسری بار عالمی چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے ارادے سے میدان میں اتری بھارتی جوڑی نے پہلے گیم کا آغاز سست انداز میں کیا۔ چینی کھلاڑیوں کے تیز اسمیش کا بھارتی کھلاڑیوں کے پاس ابتدا میں کوئی مو¿ثر جواب نہیں تھا۔ لیانگ اور وانگ نے 3-0 کی برتری حاصل کی، لیکن اس کے بعد ساتوک اور چراغ نے اپنی لے حاصل کر لی۔
دونوں جوڑیوں کے درمیان مقابلہ انتہائی سخت رہا اور پوائنٹس باری باری دونوں کے کھاتے میں جاتے رہے۔ وقفے تک بھارت نے ایک پوائنٹ کی برتری حاصل کر لی۔ اس کے بعد بھارتی جوڑی نے دو پوائنٹس کی برتری برقرار رکھی، لیکن چین نے واپسی کرتے ہوئے اسکور 18-18 کر دیا۔
اس کے بعد لیانگ کے شاندار اسمیش نے چین کو 19-18 کی برتری دلا دی۔ چراغ نے اس کے بعد ایک بار نیٹ پر شاٹ مارا اور اگلا شاٹ باہر چلا گیا، جس سے چین نے پہلا گیم 21-18 سے جیت لیا۔
دوسرے گیم میں بھارت کا چیلنج ختم
دوسرے گیم میں بھارتی جوڑی دباو¿ میں نظر آئی اور چین نے ابتدا ہی سے غلبہ قائم کر لیا۔ وقفے تک لیانگ اور وانگ 11-5 سے آگے تھے۔ اس کے بعد بھارتی جوڑی مقابلے میں واپسی نہ کر سکی اور چین نے صرف 35 منٹ میں دوسرا گیم 21-9 سے جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
اب عالمی چیمپئن شپ میں بھارت کی امیدیں ٹریسا جولی اور گایتری گوپی چند کی خواتین کی ڈبلز جوڑی پر ٹکی ہوئی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ