
نئی دہلی، 21 اگست (ہ س)۔
ہندوستان کی برکس صدارت کے دوران آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم میں 22 اور 23 اگست کو بالترتیب برکس نوجوانوں اور کھیل کے وزراء کا اجلاس منعقد ہوگا۔ اس میں برکس کے تمام 11 رکن ممالک کے نوجوانوں اور کھیل کے وزراء اور وفود کے سربراہان شرکت کریں گے۔ مرکزی وزیر برائے امور نوجوانان و کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ ان اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے امور نوجوانان و کھیل رکشا کھڈسے بھی اجلاس میں شرکت کریں گی۔
نوجوانوں کی ترقی اور بااختیاری پر ہوگی گفتگو
22 اگست کو ہونے والے برکس نوجوان وزراء کے اجلاس میں نوجوانوں کی ترقی اور بااختیاری کے لیے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ تعلیم، ہنرمندی کی ترقی، صنعت کاری، فلاح و بہبود اور پائیدار ترقی جیسے امور اجلاس کے اہم ایجنڈے میں شامل ہوں گے۔ اجلاس میں برکس یوتھ کونسل اور برکس یوتھ سمٹ سے حاصل ہونے والی سفارشات پر غور کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی مستقبل کی برکس صدارت کے دوران تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی بھی کی جائے گی۔
کھیلوں کی ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ پر زور
23 اگست کو ہونے والے برکس کھیل وزراء کے اجلاس میں کھیلوں کے شعبے میں رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال ہوگا۔ ہندوستان کی صدارت کے دوران روایتی اور مقامی کھیلوں، کھیلوں کی ٹیکنالوجی اور کھیلوں کے سازوسامان کی تیاری کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے۔ اجلاس میں برکس کھیلوں سے متعلق مشترکہ اعلامیہ اپنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ کھیلوں کی ٹیکنالوجی میں تعاون اور کھیلوں کی مینوفیکچرنگ سے متعلق کانفرنس بھی پروگرام کا حصہ ہوگی۔
11 رکن ممالک کے نمائندے ہوں گے شریک
اجلاس میں برازیل، چین، مصر، ایتھوپیا، ہندوستان، انڈونیشیا، ایران، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات کے نمائندے شرکت کریں گے۔ پروگرام میں برکس فرینڈشپ سائیکلنگ ایونٹ، دو طرفہ ملاقاتیں اور ثقافتی پروگرام بھی منعقد ہوں گے۔ دونوں اجلاس نوجوانوں کی ترقی اور کھیلوں کے شعبے میں رکن ممالک کے درمیان تجربات کے تبادلے اور ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ