
اسلام آباد، 21 اگست(ہ س)۔پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں ایک باغ میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد باغ میں کام کرنے والے مزدور بتائے جارہے ہیں۔
بلوچستان پولیس کے مطابق دھماکا کھڈکوچہ کے ایک باغ میں ہوا۔ دھماکے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس کی آواز دور دراز علاقوں میں بھی سنی گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر مستونگ کے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو محفوظ بنا کر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا ہے۔ حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور اس کے اسباب کا تعین کیا جارہا ہے۔ واقعے سے متعلق شواہد بھی جمع کیے جارہے ہیں۔پولیس نے علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی ہے اور دھماکے کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب کھڈکوچہ کے علاقے میں ہی نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔فائرنگ میں جاں بحق افراد کی لاشیں بھی اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے اور فرار ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔ایک ہی علاقے میں دھماکے اور فائرنگ کے دونوں واقعات کے بعد مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دونوں واقعات کے محرکات اور ممکنہ تعلق کی بھی تحقیقات کررہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan