
جے پور، 20 اگست (ہ س):۔
انسدادِ بدعنوانی بیورو (اے سی بی) نے جمعرات کو کوٹ پتلی تھانے میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس سب انسپکٹر (ایس آئی) راجندر سنگھ کو 3,500 روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ ملزم ایس آئی بینک کے خلاف درج مقدمے میں مزید کارروائی کرنے کے عوض رشوت کا مطالبہ کر رہا تھا۔
اے سی بی کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر رامیشور سنگھ کے مطابق، مدعی نے عدالت کے ذریعے کوٹ پتلی تھانے میں بینک کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا، جس کی تفتیش سب انسپکٹر راجندر سنگھ کر رہے تھے۔ الزام ہے کہ مقدمے میں مزید کارروائی کے بدلے انہوں نے مدعی سے 5 ہزار روپے رشوت طلب کی۔
شکایت کی تصدیق کے دوران 19 اگست کو 5 ہزار روپے رشوت طلب کیے جانے کی تصدیق ہوئی۔ اس دوران ملزم نے مدعی سے 1,500 روپے رشوت وصول کرلی اور باقی 3,500 روپے بعد میں دینے کا فیصلہ ہوا۔
مطالبے کی تصدیق کے بعد اے سی بی چوکی الور فرسٹ کے انچارج ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس شبیّر خان کی قیادت میں جمعرات کو ٹریپ کارروائی کی گئی، جس کے دوران 3,500 روپے رشوت لیتے ہوئے ایس آئی راجندر سنگھ کو گرفتار کرلیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ