
ممبئی ، 20 اگست (ہ س)۔ کانگریس کی سینئر رہنما سونیا گاندھی اور مہاراشٹر میں پارٹی کے انچارج رمیش چنیتھلا کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی نے تحریری شکایت درج کرائی ہے۔ بی جے پی نے قومی ترانے اور ترنگے کی مبینہ توہین کے معاملے میں ممبئی پولیس کمشنر دیون بھارتی اور میرین لائنز پولیس اسٹیشن کو میمورنڈم پیش کرتے ہوئے دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔بی جے پی کا الزام ہے کہ یوم آزادی یعنی 15 اگست کو نئی دہلی میں واقع کانگریس کے مرکزی دفتر میں قومی ترانے وندے ماترم کی گائیکی کے دوران اسے درمیان میں روک دیا گیا اور سونیا گاندھی نے مبینہ طور پر قومی ترانے کی توہین کی۔ بی جے پی نے اس معاملے کو قومی جذبات سے جڑا ہوا قرار دیتے ہوئے پولیس سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔اسی طرح بی جے پی نے مہاراشٹر کانگریس کے انچارج رمیش چنیتھلا پر بھی ایک عوامی پروگرام کے دوران قومی پرچم والے کیک کو کاٹ کر ترنگے کی مبینہ توہین کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ اس معاملے میں بھی پولیس سے قانونی کارروائی کی درخواست کی گئی ہے۔بی جے پی کے ریاستی ترجمان ونود واگھ نے سونیا گاندھی اور رمیش چنیتھلا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ممبئی پولیس کمشنر دیون بھارتی اور میرین لائنز پولیس اسٹیشن کو تحریری شکایت پیش کی ہے۔تاہم، کانگریس نے بی جے پی کی جانب سے عائد کیے گئے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ پولیس شکایت کے بعد اب معاملے میں قانونی کارروائی اور الزامات کی جانچ پر توجہ مرکوز ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے