

اہلیہ کے قتل کے بعد بہن کو مارنے کا لگایا اسٹیٹس
پولیس کو گھر سے ملیں دو پستول اور طمنچہ
شادی کو کئی سال گزرنے کے بعد بھی نہیں تھی کوئی اولاد
لکھنو، 20 اگست (ہ س)۔
اترپردیش کے دارالحکومت لکھنو کے گومتی نگر میں جمعرات کی دوپہر ایک بینک ملازم نے اپنی اہلیہ اور بہن کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی ہے۔ دوہرے قتل اور خودکشی کے اس معاملے کی جانچ کے لیے پولیس کمشنر ترون گابا موقع پر پہنچے اور انہوں نے پورے واقعے کی تفصیلات حاصل کیں۔ پولیس کو جائے واردات سے دو پستول اور ایک طمنچہ برآمد ہوا ہے۔ پولیس کی ٹیم معاملے کی تفتیش میں مصروف ہے۔
جوائنٹ پولیس کمشنر (لا اینڈ آرڈر) ببلو کمار نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) میں ملازم مانس باجپئی کا اپنی اہلیہ دیویا مشرا سے گزشتہ ایک سال سے تنازعہ چل رہا تھا۔ ان کی کوئی اولاد نہیں تھی۔ دیویہ آئی سی آئی سی آئی بینک گومتی نگر میں ریلیشن شپ مینیجر کے عہدے پر تعینات تھیں۔ صحافی پرگیہ مشرا ان کی بہن ہیں۔ شوہر مانس سے تعلقات خراب ہونے پر گزشتہ سال ہی دیویہ نے طلاق کی عرضی دائر کی تھی۔ وہ شوہر کو چھوڑ کر عالم باغ میں رہ رہی تھیں۔ وہیں مانس اپنی بیمار بہن سیبا کے ساتھ ہسڑیا چوراہے کے قریب ایک کرائے کے مکان میں رہتے تھے۔ ان کے والدین کا انتقال ہو چکا تھا۔
جمعرات کی دوپہر مانس اپنی اہلیہ دیویہ سے ملنے ان کے بینک پہنچا۔ فون کر کے باہر بلایا اور دونوں بات چیت کر رہے تھے، اسی دوران اس نے دیویہ کو گولی ماری اور وہاں سے فرار ہو گیا۔ گھر پہنچ کر اس نے مین گیٹ اندر سے بند کیا اور کمرے میں پہلے بہن کو گولی مار کر ہلاک کیا، پھر خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔
واردات کے بعد اس نے اپنے واٹس ایپ نمبر پر ایک اسٹیٹس لگا رکھا تھا۔ اس میں اس نے لکھا کہ ’’میں نے بیوی کا قتل کر دیا کیونکہ اس نے مجھے دھوکہ دیا۔ اب مجھے اپنی بہن کو مارنا ہے۔ دیویہ کی بہن پرگیا اور اس کے شوہر بھارت کو سب معلوم ہے۔‘‘ اس کے بعد اس نے واردات کو انجام دیا۔ پڑوسی انکر نے جب مانس کا اسٹیٹس دیکھا تو وہ فوراً اس کے گھر کی طرف دوڑا، جہاں دیکھا کہ دروازہ اندر سے بند تھا اور اندر ٹیلی ویژن چل رہا تھا۔
گھر کے قریب ہی فاسٹ فوڈ کی دکان چلانے والے لوکُش نے بتایا کہ دوپہر جب انہوں نے مانس کو دیکھا تو وہ شدید گھبراہٹ میں تھا اور پسینے میں شرابور تھا۔ جب انہوں نے اس سے خیر و عافیت پوچھی تو وہ کچھ بولے بغیر گھر کے اندر چلا گیا اور دروازہ بند کر لیا۔ کچھ دیر بعد گولی چلنے کی آواز آئی۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ایسٹ) ڈاکٹر دیکشا شرما نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ گومتی نگر تھانہ علاقے میں آئی سی آئی سی آئی بینک کے باہر ایک خاتون کا قتل کر دیا گیا ہے۔ پولیس جانچ کر رہی تھی کہ اسی دوران اطلاع ملی کہ ہسڑیا چوراہے پر ایک شخص نے خاتون کا قتل کر کے خودکشی کر لی ہے۔
تفتیش میں پایا گیا کہ ایس بی آئی ملازم مانس باجپئی نے ہی پہلے آئی سی آئی سی آئی بینک کے باہر بیوی کو گولی مار کر قتل کیا، پھر گھر آ کر بہن کو گولی مارنے کے بعد خودکشی کر لی ہے۔ پولیس نے موقع سے دو پستول، ایک طمنچہ اور موبائل فون برآمد کیا ہے۔ مانس کی بہن کافی دنوں سے بیمار چل رہی تھی۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ مانس نے اپنی بہن کو کیوں مارا۔ فی الحال لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ فارنسک ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ کر کے شواہد جمع کیے ہیں۔
ماموں زاد بھائی مینک دیکشت نے بتایا کہ دیویا کے قتل کی اطلاع فون کے ذریعے ملی تھی۔ قتل ان کے شوہر مانس نے کیا تھا، پھر گھر جا کر اس نے اپنی بہن کو مار ڈالا اور خودکشی کر لی۔ واقعے سے قبل مانس نے جو اسٹیٹس لگایا تھا، اس میں لکھا تھا کہ بیوی کی بہن پرگیہ اور بہنوئی بھارت کو ان کے بارے میں سب معلوم ہے، جبکہ ان دونوں کو اس سلسلے میں کچھ بھی معلوم نہیں ہے۔ شادی کو 10-8 سال ہو چکے تھے اور 5 سال قبل سے دیویا مانس کو چھوڑ کر علیحدہ رہ رہی تھیں۔ ایک سال پہلے طلاق کی عرضی داخل کی گئی تھی۔
پولیس کمشنر ترون گابا نے جائے واردات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مانس نے پہلے اپنی اہلیہ کا قتل کیا۔ وہاں سے گھر پہنچا اور بہن کو قتل کر کے خودکشی کر لی۔ اس نے واقعے سے قبل موبائل پر اسٹیٹس بھی لگایا تھا۔ پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن