
نئی دہلی، 20 اگست (ہ س)۔ ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان جمعرات کو وزارت سطح کی گول میز کانفرنس (آئی ایس ایم آر) میں جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔یہ چوتھی گول میز کانفرنس سنگاپور میں منعقد ہوئی۔
ڈاکٹر جے شنکر نے ایکس پر لکھا، ”ہمیں سنگاپور کے وزیر اعظم لارنس وونگ سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔ اپنی ملاقات کے دوران، ہم نے ہندوستان-سنگاپور تعلقات کے مختلف پہلوؤں میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔ میں اس شراکت داری کو آگے لے جانے کے بارے میں ان کے خیالات کی بہت قدر کرتا ہوں۔ ہماری بات چیت میں ترقی یافتہ مینوفیکچرنگ، سیمی کنڈکٹرز، ماحول دوست توانائی ، کلین ٹیک فن اور کنیکٹوٹی جیسے شعبوں میں تعلقات کو گہرا کرنے پر توجہ مرکوز رہی۔ مثبت بات چیت کے لیے سب کا شکریہ۔“
اس موقع پر مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن، مرکزی تجارت و صنعت کے وزیر پیوش گوئل اور تجارت اور صنعت کے مرکزی وزیر مملکت جتن پرساد بھی موجود رہے۔اس کے علاوہ سنگاپور کے وزیر اعظم لارنس وونگ، نائب وزیر اعظم گان کم یونگ، رابطہ کاری کے وزیر برائے قومی سلامتی اور امور داخلہ کے شانموگم، وزیر خارجہ ویوین بالا اور ڈیجیٹل ترقی اور اطلاعات کے وزیر نیز ٹرانسپورٹ کے وزیر جیفری سیو بھی موجود تھے۔
قابل ذکر ہے کہ اس کانفرنس کی پہلی (ستمبر 2022) اور تیسری میٹنگ (اگست 2025) نئی دہلی میں جبکہ دوسری میٹنگ (اگست 2024) سنگاپور میں ہوئی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد