نیپال: سرہا میں کرفیو میں جزوی نرمی، سپتری کے بیشتر علاقوں میں پابندیاں برقرار
کاٹھمنڈو، 2 اگست(ہ س)۔نیپال کے صوبہ مدھیش میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر مختلف اضلاع میں نافذ کرفیو کے حوالے سے انتظامیہ نے الگ الگ فیصلے کیے ہیں۔ سرہا ضلع کے گول بازار علاقے میں اتوار کو دن کے اوقات میں کرفیو میں عارضی نرمی دی گئی، جبکہ سپتر
نیپال: سرہا میں کرفیو میں جزوی نرمی، سپتری کے بیشتر علاقوں میں پابندیاں برقرار


کاٹھمنڈو، 2 اگست(ہ س)۔نیپال کے صوبہ مدھیش میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر مختلف اضلاع میں نافذ کرفیو کے حوالے سے انتظامیہ نے الگ الگ فیصلے کیے ہیں۔ سرہا ضلع کے گول بازار علاقے میں اتوار کو دن کے اوقات میں کرفیو میں عارضی نرمی دی گئی، جبکہ سپتری ضلع کے بیشتر علاقوں میں کرفیو برقرار رکھا گیا ہے، البتہ شہریوں کو ضروری اشیائے خورد و نوش کی خریداری کے لیے محدود وقت کے لیے رعایت فراہم کی گئی۔

سرہا کے چیف ڈسٹرکٹ آفیسر سریندر پوڈیل کے مطابق سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد صبح 10 بجے سے شام 7 بجے تک کرفیو میں نرمی دی گئی ہے، تاہم ضلع میں دفعہ 144 اور دیگر پابندیاں بدستور نافذ رہیں گی۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ مقامی حالات کا دوبارہ جائزہ لینے کے بعد کرفیو میں مزید نرمی یا دوبارہ سختی سے نفاذ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

انتظامیہ نے گول بازار میں گاڑیوں کی آمدورفت کی بھی اجازت دی ہے، تاہم شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پانچ سے زیادہ افراد کے اجتماع سے گریز کریں تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔

واضح رہے کہ سنسری میں پیش آنے والے حالیہ واقعے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث گزشتہ چند روز سے گول بازار میں کرفیو نافذ تھا۔

دوسری جانب سپتری ضلع انتظامیہ نے ضلع کے بیشتر علاقوں میں کرفیو برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم عوام کو روزمرہ استعمال کی ضروری اشیائ خریدنے کی سہولت دینے کے لیے صبح 7 بجے سے 10 بجے تک کرفیو میں نرمی دی گئی۔

سپتری کے چیف ڈسٹرکٹ آفیسر شیام کرشن تھاپا نے کہا کہ رعایت کے دوران بھی اگر کوئی شخص فساد، بدامنی یا اشتعال انگیز سرگرمیوں کے لیے پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے ساتھ جمع ہوتا پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ضلع انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ انتظامیہ کی پیشگی اجازت سے امن و ہم آہنگی ریلی کے انعقاد کے لیے بھی محدود رعایت دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ سپتری کے بودے برسائن علاقے میں 30 جولائی کی رات 10 بجے جبکہ راج بیراج میں 31 جولائی کی صبح 8 بجے سے کرفیو نافذ کیا گیا تھا، جو تاحال مختلف علاقوں میں جاری ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے حکومتی احکامات پر مکمل عمل کریں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande