
علی گڑھ, 19 اگست (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سوشل ورک شعبہ نے آؤٹ لُک-آئی کیئر رینکنگ 2026 میں ملک میں سوشل ورک کے 35 سرفہرست تعلیمی اداروں میں قومی سطح پر بارہواں مقام حاصل کیا ہے، جو تعلیمی امتیاز اور سماجی اثرو نفوذ کے میدان میں اس کے بلند ہوتے معیار کا عکاس ہے۔ یہ تعلیم و تحقیق اور کمیونٹی سے وابستگی کو فروغ دینے کے تئیں اے ایم یو کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے اور ساتھ ہی یونیورسٹی کے اس وسیع تر مشن کی بھی توثیق کرتا ہے کہ علم اور تعلیمی مہارت کو معاشرے کی خدمت اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے بروئے کار لایا جائے۔
آؤٹ لک-آئی کیئر کے سالانہ جائزہ میں اداروں کا تجزیہ تعلیمی و تحقیقی امتیاز، تنوع اور رسائی، گوورننس، بنیادی ڈھانچے اور صنعت سے روابط سمیت متعدد اہم پیمانوں پر کیا جاتا ہے۔ اے ایم یو کے سوشل ورک شعبہ نے ان تمام پیمانوں پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جو سوشل ورک کی عصر حاضر کی تعلیم، عملی و پیشہ ورانہ تربیت اور ملازمت کے حصول کے مستحکم نتائج پر اس کی توجہ کو اجاگر کرتا ہے۔
یہ کامیابی اس لیے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے کیوں کہ اے ایم یو میں سوشل ورک کی تعلیم کلاس روم تک محدود نہیں بلکہ یہ طلبہ کو کمیونٹی پر مبنی کام، بیداری پروگراموں، تحقیق اور عوامی فلاحی اقدامات کے ذریعہ درپیش سماجی چیلنجوں کو سمجھنے اور انھیں حل کرنے کے لیے تیار کرتی ہے۔
یونیورسٹی حکام نے شعبہ کے اساتذہ، محققین، طلبہ، انتظامی عملے کے اراکین اور سابق طلبہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ رینکنگ ان کی اجتماعی لگن اور معاشرے کے تئیں شعبے کی دیرینہ خدمات کا اعتراف ہے۔
صدر شعبہ پروفیسر اکرام حسین اور سینئر استاد ڈاکٹر محمد طاہر نے شعبے کی تعلیمی و سماجی رسائی کو مضبوط بنانے میں تدریسی عملے، ملازمین، طلبہ اور سابق طلبہ کی وابستگی کو سراہا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ