دہلی جل بورڈ گھوٹالہ: ستیندر جین کی گرفتاری پر وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کا بڑا الزام
نئی دہلی، 19 اگست (ہ س)۔ دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے عام آدمی پارٹی کے سابق وزیر ستیندر جین پر دہلی جل بورڈ میں مبینہ گھوٹالے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسی معاملے میں انہیں جیل جانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ تحقیقاتی ایجنسیاں اپ
دہلی جل بورڈ گھوٹالہ: ستیندر جین کی گرفتاری پر وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کا بڑا الزام


نئی دہلی، 19 اگست (ہ س)۔ دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے عام آدمی پارٹی کے سابق وزیر ستیندر جین پر دہلی جل بورڈ میں مبینہ گھوٹالے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسی معاملے میں انہیں جیل جانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ تحقیقاتی ایجنسیاں اپنا کام کر رہی ہیں اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

وزیر اعلیٰ نے بدھ کے روز دہلی یونیورسٹی اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ ایک پروگرام کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت نے اسمبلی میں 19 سی اے جی رپورٹس پیش کی ہیں، جن میں سابق عام آدمی پارٹی حکومت اور اس وقت کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے دور حکومت سے متعلق مختلف معاملات اور مبینہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

ریکھا گپتا نے کہا کہ ان تمام سی اے جی رپورٹس پر کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ستیندر جین نے جل بورڈ میں گھوٹالہ کیا تھا اور اسی معاملے میں انہیں جیل جانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسیاں اپنا کام کر رہی ہیں اور معاملے میں قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔

دہلی کے آبی وزیر پرویش صاحب سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اقتدار احتساب میں تاخیر تو کرسکتا ہے، لیکن اسے ختم نہیں کرسکتا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دہلی جل بورڈ کی سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (ایس ٹی پی) ٹینڈر کارروائی میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے میں سابق وزیر ستیندر جین کی گرفتاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدہ تبدیل ہوسکتا ہے، لیکن فائلیں وہی رہتی ہیں۔دہلی کے ماحولیات کے وزیر منجندر سنگھ سرسا نے بھی ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی اور اروند کیجریوال پر سخت تنقید کی۔

انہوں نے الزام لگایا کہ کیجریوال کی قیادت والی حکومت کے ہر محکمے میں مبینہ گھوٹالوں کا ریکارڈ رہا ہے۔ سرسا نے دعویٰ کیا کہ ایس ٹی پی معاملے میں ستیندر جین کی گرفتاری سے مالی بے ضابطگیوں کے الزامات مزید واضح ہوئے ہیں اور اینٹی کرپشن بیورو کی تحقیقات میں مبینہ منی ٹریل سامنے آیا ہے۔سرسا نے کیجریوال پر یمنا کی صفائی کے لیے مختص رقم کے مبینہ غلط استعمال کا الزام بھی عائد کیا اور دعویٰ کیا کہ رقم اشتہارات اور ’شیش محل‘ پر خرچ کی گئی۔

واضح رہے کہ ریکھا گپتا، پرویش صاحب سنگھ اور منجندر سنگھ سرسا کے بیانات سیاسی الزامات اور دعووں پر مبنی ہیں، جن کی حتمی قانونی حیثیت کا تعین متعلقہ تحقیقات اور عدالتی کارروائی سے ہوگا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande