پونے میں کمسن بچی کی مبینہ عصمت دری کے بعد قتل، ہائی وے پر شدید احتجاج
پونے، 19 اگست(ہ س): پونے ضلع کے جُنّر تعلقہ کے پِمپل وانڈی گاؤں میں 9 سالہ بچی کی مبینہ عصمت دری کے بعد قتل کی واردات پر علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ واقعے کے خلاف بدھ کو مقامی دیہاتیوں نے پونے ناسک ہائی وے پر راستہ روک کر احتجاج کیا۔ پولیس حک
پونے میں کمسن بچی کی مبینہ عصمت دری کے بعد قتل، ہائی وے پر شدید احتجاج


پونے، 19 اگست(ہ س): پونے ضلع کے جُنّر تعلقہ کے پِمپل وانڈی گاؤں میں 9 سالہ بچی کی مبینہ عصمت دری کے بعد قتل کی واردات پر علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ واقعے کے خلاف بدھ کو مقامی دیہاتیوں نے پونے ناسک ہائی وے پر راستہ روک کر احتجاج کیا۔ پولیس حکام کی جانب سے ملزم کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا۔

پونے کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سندیپ گل نے بدھ کو جائے وقوعہ کا دورہ کرکے مقامی دیہاتیوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ معاملے میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور واقعے کی تفصیلی تفتیش جاری ہے۔ فرانزک ٹیم بھی جائے وقوعہ سے ضروری شواہد جمع کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تفتیش میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتی جائے گی۔

پولیس کے مطابق منگل کو پِمپل وانڈی گاؤں کے ایک نوجوان نے بچی سے جان پہچان کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے بہلا پھسلا کر گاؤں سے باہر لے گیا۔ الزام ہے کہ ملزم اسے گنے کے کھیت کے قریب لے گیا، جہاں مبینہ طور پر اس کے ساتھ عصمت دری کی اور بعد میں گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔ واردات کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔بچی کافی دیر تک گھر واپس نہیں پہنچی تو اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کی۔ کوئی سراغ نہ ملنے پر پولیس سے رابطہ کرکے گمشدگی کی شکایت درج کرائی گئی۔ پولیس نے فوری طور پر تفتیش شروع کی اور علاقے کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کی جانچ کے ساتھ مقامی افراد سے بھی پوچھ گچھ کی۔ دستیاب معلومات اور شواہد کی بنیاد پر پولیس نے مشتبہ ملزم کی شناخت کرکے اسے گرفتار کرلیا۔

واقعے کی سنگینی کے باعث مقامی دیہاتیوں نے پونے ناسک ہائی وے پر راستہ روک کر احتجاج کیا، جس سے کچھ دیر تک ٹریفک متاثر رہی۔ پولیس حکام نے مظاہرین سے بات چیت کرکے ملزم کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا۔پولیس ملزم سے پوچھ گچھ کے ساتھ واقعے کے دیگر پہلوؤں کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔ فرانزک ٹیم کی جانب سے جمع کیے گئے شواہد اور دیگر تفتیشی کارروائی کی بنیاد پر معاملے میں مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande