دونوں ہاتھوں سے اسپن کا کمال، اتر پردیش کے وجے یادو نے بنائی الگ پہچان
لکھنؤ، 19 اگست (ہ س): یوپی ٹی20 لیگ سیزن-4 میں دفاعی چیمپئن کاشی رودراکشی کی جانب سے کھیل رہے 24 سالہ وجے یادو اپنی منفرد گیند بازی کے انداز سے بلے بازوں کو حیران کر رہے ہیں۔ ایک ہی اوور میں دونوں ہاتھوں سے آسانی کے ساتھ اسپن گیند بازی کرنے کی صلاح
دونوں ہاتھوں سے اسپن کا کمال، اتر پردیش کے وجے یادو نے بنائی الگ پہچان


لکھنؤ، 19 اگست (ہ س): یوپی ٹی20 لیگ سیزن-4 میں دفاعی چیمپئن کاشی رودراکشی کی جانب سے کھیل رہے 24 سالہ وجے یادو اپنی منفرد گیند بازی کے انداز سے بلے بازوں کو حیران کر رہے ہیں۔ ایک ہی اوور میں دونوں ہاتھوں سے آسانی کے ساتھ اسپن گیند بازی کرنے کی صلاحیت رکھنے والے وجے یادو نے حال ہی میں اپنی سابق ٹیم گور گورکھپور لائنز کے خلاف دو اہم وکٹیں حاصل کرکے کاشی رودراکشی کو یادگار فتح دلائی۔

سال 2024 میں لیگ میں ڈیبیو کرنے والے گورکھپور کے اس نوجوان اسپنر کو یوپی ٹی20 لیگ 2026 کی نیلامی میں کاشی رودراکشی نے 5.2 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا۔

گورکھپور کے رہنے والے وجے کے والد پولیس محکمہ میں سب انسپکٹر ہیں، جبکہ والدہ گھریلو خاتون ہیں۔ اپنے ابتدائی دنوں اور دونوں ہاتھوں سے گیند بازی کے خیال کے بارے میں بات کرتے ہوئے وجے یادو نے بتایا، ’’میں نے 2012 میں کرکٹ کھیلنا شروع کیا تھا۔ ہندوستان کی 2011 ورلڈ کپ جیت نے مجھے بہت متاثر کیا کہ مجھے بھی ملک کے لیے کچھ بڑا کرنا ہے۔ شروع سے ہی میرا بایاں ہاتھ کچھ بہتر کام کرتا تھا۔ عام طور پر دائیں ہاتھ کے بلے باز دائیں ہاتھ کے گیند بازوں پر زیادہ حاوی ہوتے ہیں، اس لیے مجھے انہیں گیند بازی کرنے میں کچھ دشواری ہوتی تھی۔ اس کے بعد میں نے اپنے بائیں ہاتھ پر کام شروع کیا اور سخت محنت کے ساتھ اس پر کنٹرول حاصل کیا۔‘‘

دونوں ہاتھوں سے گیند بازی کے جسمانی دباؤ پر وجے نے کہا، ’’لوگوں کو ٹی وی پر یہ بہت آسان نظر آتا ہے، لیکن دونوں ہاتھوں سے یکساں درستگی کے ساتھ گیند بازی کرنا انتہائی مشکل ہے۔ اس کے لیے مجھے دونوں ہاتھوں سے الگ الگ دوگنی محنت اور پریکٹس کرنی پڑتی ہے۔‘‘

نچلے نمبر پر آکر لمبے لمبے چھکے لگانے والے وجے یادو عظیم بلے باز وراٹ کوہلی کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’وراٹ کوہلی میرے آئیڈیل ہیں۔ کرکٹ کے لیے ان کا جنون، لگن، حوصلہ افزائی اور جارحیت دیکھنا مجھے بہت پسند ہے۔ ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔‘‘

یوپی ٹی20 لیگ کے اس بڑے پلیٹ فارم نے وجے کو قومی سطح پر شناخت دلائی ہے۔ اپنی صلاحیت کے دم پر وہ پہلے ہی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹاپ فرنچائزز کی نظروں میں آچکے ہیں۔

وجے نے بتایا کہ یوپی ٹی20 لیگ ایک بہت بڑا پلیٹ فارم ہے۔ مجھے یہاں اپنی قابلیت دکھانے کا موقع ملا ہے۔ میں ممبئی انڈینز کے لیے ٹرائل دے چکا ہوں اور گزشتہ سال سن رائزرس حیدرآباد نے بھی مجھے ٹرائل کے لیے بلایا تھا۔

اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کی انڈر-19 اور انڈر-23 ٹیموں کی نمائندگی کرچکے وجے یادو کا ہدف اب یوپی ٹی20 لیگ میں مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے جلد از جلد انڈین پریمیئر لیگ اور ہندوستانی قومی ٹیم کا ٹکٹ حاصل کرنا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande