
گالے (سری لنکا)، 19 اگست (ہ س)۔
بھارتی ٹیم نے گالے میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 165 رنوں سے شکست دے کر دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ بھارت نے میزبان ٹیم کے سامنے 372 رنز کا بڑا ہدف رکھا تھا، جس کے جواب میں سری لنکا کی دوسری اننگز بدھ کے روز 206 رنز پر سمٹ گئی۔ بھارتی بلے باز دیودت پڈیکّل دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 211 رنز بنا کر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
بھارتی ٹیم کی اس جیت میں اسپن آل راؤنڈر مانَوسُتھار اور بلے باز دیودت پڈیکّل کا اہم کردار رہا۔سُتھار نے پہلی اننگز میں 4 اور دوسری اننگز میں 6 وکٹ حاصل کرکے سری لنکا کے 10 بلے بازوں کو پویلین بھیجا، جبکہ پڈیکّل نے بلے سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں مجموعی طور پر 211 رنز بنائے۔ پڈیکّل نے پہلی اننگز میں 167 اور دوسری اننگز میں 44 رنز کی اننگز کھیلی۔
میچ میں بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 462 رنز بنائے تھے۔ سری لنکا کی پہلی اننگز 284 رنز پر سمٹ گئی تھی۔ اس طرح بھارتی ٹیم کو دوسری اننگز میں 178 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ اس کے بعد بھارتی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 193 رنز بنائے اور مجموعی طور پر 371 رنز کی برتری حاصل کی۔ اس طرح سری لنکا کو 372 رنز کا ہدف ملا، لیکن میزبان ٹیم صرف 206 رنز بنا سکی۔
اس جیت کے ساتھ بھارت نے دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 23 اگست سے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
پانچویں دن سری لنکا نے 122 رنز پر چھ وکٹ گنوائے
میچ کے پانچویں اور آخری دن سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز 84/4 کے اسکور سے آگے شروع کی۔ کپتان دھننجے ڈی سلوا اور سونل دینوشا نے محتاط انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو ابتدائی جھٹکوں سے نکالا۔ دونوں نے اپنی اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ٹیم کا اسکور 140 رنز سے آگے پہنچایا۔
اس شراکت داری کو رویندر جڈیجہ نے توڑا۔ انہوں نے دھننجے ڈی سلوا کو مانَوسُتھار کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرایا۔ دھننجے نے 151 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے۔ سری لنکا کی چھٹی وکٹ 156 رنز کے اسکور پر گری۔ نیروشن ڈکویلا 10 رنز بنا کر آو ٹ ہوئے۔
اس کے بعد ٹیم نے کچھ مزید رنز جوڑے، لیکن 199 رنز کے اسکور پر یکے بعد دیگرے تین وکٹ گنوا دیے۔ سونل دینوشا 128 گیندوں پر 84 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد پربھات جے سوریہ اور لہرو کمارا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکا کی آخری وکٹ کیشارا نووانتا کی صورت میں گری، جنہوں نے 20 رنز بنائے۔
بھارت نے دوسری اننگز میں 193 رنز بنائے
بھارتی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 193 رنز بنائے۔ اس اننگز میں بھارت کی جانب سے رشبھ پنت نے سب سے زیادہ 66 رنز بنائے۔ دیودت پڈیکّل نے 44 اور کے ایل راہل نے 35 رنز کا تعاون دیا۔
سری لنکا کے لیے اسیتھا فرنانڈو نے چار وکٹ حاصل کیے، جبکہ پربھات جے سوریہ نے تین، لہرو کمارا نے دو اور کیشارا نوو نتھا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کی پہلی اننگز 284 رنز پر سمٹی
اس سے قبل سری لنکا کی پہلی اننگز 284 رنز پر سمٹ گئی تھی۔ سونل دینوشا نے شاندار سنچری اننگز کھیلتے ہوئے نیروشن ڈکویلا کے ساتھ 146 رنز کی شراکت داری کی۔ سونل نے 100 رنز بنائے، جبکہ ڈکویلا نے 80 رنز کا تعاون دیا۔ ان کے علاوہ کوئی اور سری لنکن بلے باز بڑی اننگز نہیں کھیل سکا۔
بھارت کی جانب سے مانَو ستھار نے چار وکٹ حاصل کیے۔ رویندر جڈیجہ نے تین، جبکہ محمد سراج، پرسدھ کرشنا اور کلدیپ یادو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کی جانب سے پربھات جے سوریہ نے چار وکٹ حاصل کیے۔ کیشارا نوو نتھا نے تین اور اسیتھا فرنانڈو نے دو وکٹ حاصل کیے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ