
ملبورن، 19 اگست (ہ س)۔ آسٹریلیا کے معروف ٹینس کھلاڑی اور سابق عالمی نمبر 13 نک کرگیوس کو اینٹی ڈوپنگ ٹیسٹ میں کوکین کے میٹابولائٹ کی موجودگی کی تصدیق کے بعد عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل ٹینس انٹیگریٹی ایجنسی(آئی ٹی آئی اے) کے مطابق ان کی معطلی 4 اگست 2026 سے نافذ ہے۔
آئی ٹی آئی اے کے مطابق کرگیوس نے 22 جون 2026 کو اسپین میں ہونے والے مایورکا اوپن کے دوران اپنا نمونہ دیا تھا۔ 17 جولائی کو ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (ڈبلیو اے ڈی اے) سے منظور شدہ لیبارٹری نے اس نمونے میں بینزوائل ایکگونین کی موجودگی کی تصدیق کی، جو کوکین کا میٹابولائٹ ہے۔
نک کرگیوس نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان سے ’’بڑی غلطی‘‘ ہوئی ہے اور وہ اس کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں، خاندان، اسپانسرز اور خاص طور پر نوجوان شائقین سے معذرت بھی کی۔کرگیوس نے اپنی حالیہ جسمانی اور ذہنی مشکلات کا بھی ذکر کیا۔ مسلسل انجریز اور سرجریوں کے باعث وہ گزشتہ چند برسوں میں ٹینس سے زیادہ عرصے تک دور رہے ہیں۔ انہوں نے اس واقعے کو اپنے لیے ایک ’’ویک اپ کال‘‘ قرار دیا اور بتایا کہ وہ کچھ عرصے کے لیے عوامی سرگرمیوں اور سوشل میڈیا سے دور رہ کر اپنی صحت اور مستقبل پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔آئی ٹی آئی اے نے واضح کیا ہے کہ ٹینس اینٹی ڈوپنگ پروگرام کے تحت کوکین مقابلے کے دوران ممنوعہ مادہ ہے۔ چونکہ کرگیوس کے نمونے میں اس کے میٹابولائٹ کی تصدیق ہوئی، اس لیے قواعد کے تحت ان پر عارضی معطلی عائد کرنا لازمی تھا۔معطلی کے دوران کرگیوس کسی پیشہ ورانہ ٹینس مقابلے میں شرکت نہیں کرسکتے۔ انہیں اس عارضی معطلی کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہے، تاہم آئی ٹی آئی اے کے مطابق اب تک انہوں نے اپیل نہیں کی ہے۔
31 سالہ کرگیوس نے اکتوبر 2016 میں عالمی رینکنگ میں 13ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ وہ 2022 کے ومبلڈن فائنل تک بھی پہنچے، جہاں انہیں نوواک جوکووچ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ تاہم حالیہ برسوں میں مسلسل انجریز نے ان کے کیریئر کو شدید متاثر کیا ہے۔اب مثبت ڈوپنگ ٹیسٹ نے ان کے ٹینس کیریئر کے مستقبل پر ایک اور سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ ان کے خلاف حتمی کارروائی اور ممکنہ طویل مدتی پابندی کا فیصلہ متعلقہ اینٹی ڈوپنگ کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan