
علی گڑھ, 19 اگست (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اینستھیسیالوجی نے یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ‘‘ایک قوم، ایک مشن: ہر مریض کے لیے محفوظ اینستھیسیا’’ کے موضوع پر نعرہ نویسی کا مقابلہ منعقد کیا جس میں مریضوں کی حفاظت کی اہمیت اور صحت نظام کو مضبوط بنانے میں اینستھیسیا کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔
اس مقابلے میں ڈاکٹر دھرشٹی بھاردواج نے پہلا مقام حاصل کیا، جبکہ ڈاکٹر صباحت تزین اور ڈاکٹر نازش نے بالترتیب دوم اور سوم مقام حاصل کیا۔ انعامات ڈاکٹر شہنا علی نے تقسیم کیے۔ انہوں نے محفوظ اینستھیسیا کے طریقوں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور مریضوں کی فلاح و بہبود میں ان کی خدمات کے لیے شرکاء کی ستائش کی۔
مقابلے میں پیش کیے گئے نعروں کا جائزہ پروفیسر ابو ندیم اور پروفیسر عبید صدیقی نے لیا۔ شعبہ اینستھیسیالوجی کے چیئرمین پروفیسر حماد عثمانی نے اینستھیسیا کے عمل میں ٹیم ورک اور مسلسل سیکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ڈاکٹر نازیہ توحید، ڈاکٹر امبر خان اور ڈاکٹر عادل رسول نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ