
نئی دہلی، 18 اگست (ہ س)۔
بھارتی پیرا ایتھلیٹ سچن چماریا نے قاہرہ 2026 ورلڈ بوکیا چیلنجر میں شاندار
کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بی سی3 پیئرز میں چاندی اور بی سی3 انفرادی مقابلے
میں کانسے کا تمغہ جیتا۔
پیئرز مقابلے میں سچن نے سرتا
دویدی کے ساتھ جوڑی بنائی۔ ان دونوں تمغوں کے ساتھ سچن نے بین الاقوامی بوکیا میں
اپنی کامیابیوں کے سلسلے کو مزید مضبوط کیا ہے۔ وہ اس وقت بی سی3 زمرے میں عالمی
نمبر 20 ہیں اور چھ مرتبہ کے قومی بوکیا چیمپئن بھی ہیں۔ سال 2021 میں مسابقتی بوکیا
میں قدم رکھنے کے بعد سے وہ کئی اہم بین الاقوامی مقابلوں میں بھارت کی نمائندگی
کر چکے ہیں۔
اپنی کارکردگی کے بارے میں
سچن چماریا نے کہا، جب بھی میں بھارت کی جرسی پہنتا ہوں، تو ان تمام لوگوں
کی امیدوں کو اپنے ساتھ لے کر چلتا ہوں جنہوں نے اس سفر میں مجھ پر یقین کیا ہے۔
میں بوکیا اسپورٹس فیڈریشن آف انڈیا کے صدر، جنرل سیکریٹری اور پوری ٹیم کا دل سے
شکر گزار ہوں، جنہوں نے مجھے بھارت کی نمائندگی کرنے کا موقع دیا اور میری
صلاحیتوں پر اعتماد کیا۔ مصر کے قاہرہ میں کانسی اور چاندی کے تمغے جیتنا میرے لیے
بہت خاص ہے، لیکن اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ بھارتی بوکیا مسلسل آگے بڑھ
رہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ کارکردگی مزید معذور کھلاڑیوں کو اس کھیل کو اپنانے کی
ترغیب دے گی اور بھارت میں بوکیا کے بارے میں بیداری اور مواقع بڑھانے میں مدد کرے
گی۔
سچن کا اگلا چیلنج 24 اگست سے
4 ستمبر تک سیول میں ہونے والی 2026 ورلڈ بوکیا چیمپئن شپ ہے۔ وہ اہلیت کی بنیاد
پر عالمی چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کرنے والے پہلے بھارتی بی سی3 کھلاڑی ہوں گے۔
یہ ان کے ذاتی کیریئر کے ساتھ ساتھ بھارتی بوکیا کے لیے بھی ایک اہم کامیابی ہے۔
بوکیا شدید جسمانی معذوری
رکھنے والے کھلاڑیوں کے لیے بنایا گیا پیرا لمپک درستگی کا کھیل ہے۔ اس میں کھلاڑی
اپنی رنگین گیندوں کو سفید ہدف گیند، جسے جیک کہا جاتا ہے، کے زیادہ
سے زیادہ قریب پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس کھیل میں درستگی، حکمت عملی اور فوری
فیصلہ کرنے کی صلاحیت اہم کردار ادا کرتی ہے۔
سچن بی سی3 زمرے میں مقابلہ
کرتے ہیں، جو بوکیا کے چار کھیلوں کے زمروں میں سے ایک ہے۔ اس زمرے میں شدید
جسمانی معذوری کے باعث کھلاڑیوں کی حرکت اور جسمانی ہم آہنگی متاثر ہوتی ہے۔
کھلاڑی گیند کھیلنے کے لیے خصوصی ریمپ استعمال کرتے ہیں اور ان کے ساتھ ایک اسسٹنٹ
بھی ہوتا ہے۔
اسسٹنٹ کھلاڑی کی ہدایت کے
مطابق ریمپ کی پوزیشن طے کرتا ہے، جبکہ گیند کی سمت، شاٹ اور حکمت عملی کا فیصلہ
خود کھلاڑی کرتا ہے۔
سچن نے 2021 میں 17 سال کی
عمر میں ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ کے بعد بوکیا کو اپنایا۔ کئی برسوں کی بحالی اور علاج
کے بعد انہوں نے سری رام کالج آف کامرس سے بیچلر آف کامرس کی تعلیم مکمل کی اور
کاروباری شعبے میں اپنا کیریئر بنایا۔ اس کے بعد انہوں نے مسابقتی کھیل میں واپسی
کی۔
بوکیا سے وابستہ ہونے کے بعد
سچن مصر، کینیڈا، آسٹریلیا، بحرین، اٹلی، پولینڈ، دبئی اور تھائی لینڈ میں ہونے
والے بین الاقوامی مقابلوں میں بھارت کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ ایشیائی پیرا
کھیلوں میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد