
لداخ, 18 اگست (ہ س): لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے لداخ میراتھن کے 13ویں ایڈیشن کی سرکاری جرسی لانچ کردی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ رواں سال میراتھن کی مجموعی انعامی رقم بڑھا کر ایک کروڑ روپے کردی گئی ہے۔دس ستمبر کو منعقد ہونے والی میراتھن کے لیے اس سال تقریباً 10 ہزار رنرز نے رجسٹریشن کرائی ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ گزشتہ سال 6,521 شرکاء نے میراتھن میں حصہ لیا تھا۔
لداخ میراتھن کو دنیا کے بلند ترین مقامات پر منعقد ہونے والے اہم اینڈیورنس مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس میں ملک و بیرون ملک سے بڑی تعداد میں کھلاڑی اور کھیلوں کے شائقین شرکت کرتے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ لداخ میراتھن محض ایک کھیلوں کا مقابلہ نہیں بلکہ لداخ کی عزم، ثقافتی ورثے اور قدرتی حسن کی عکاسی بھی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میراتھن مقامی نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ لداخ کو کھیلوں اور ایڈونچر ٹورزم کے عالمی مرکز کے طور پر فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہورہی ہے۔انتظامیہ کے مطابق میراتھن جیسے بڑے کھیلوں کے انعقاد سے مقامی برادریوں کی ترقی، ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے بیداری اور لداخ کے منفرد ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر