
میناکشی نٹراجن کی پی اے سی میٹنگ میں کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی غیر حاضرحیدرآباد ،18 اگست (ہ س)۔
تلنگانہ کانگریس امورکی انچارج میناکشی نٹراجن نے یادادری بھونگیر، نلگنڈہ اورسوریہ پیٹ اضلاع کے اہم پارٹی رہنماؤں کے ساتھ پولیٹیکل افیئرس کمیٹی (پی اے سی) کا اجلاس منعقد کیا۔ تاہم، اس اجلاس میں سینئرکانگریس رہنما کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کی غیر حاضری نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق، راج گوپال ریڈی پارٹی امور اور تین اضلاع سے متعلق مسائل پر منعقد کیے گئے اس اہم اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
اجلاس کے دوران متعدد کانگریس رہنماؤں اور کارکنوں نے نامزد عہدوں کی تقسیم کے معاملے پر اپنی ناراضگی اور تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پارٹی میں حال ہی میں شامل ہونے والے افراد کو نامزد عہدوں میں ترجیح دی جارہی ہے، جبکہ پارٹی کی کامیابی کے لیے طویل عرصے سے محنت کرنے والے کارکنوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
بعض رہنماؤں اورکارکنوں نے یہ بھی شکایت کی کہ کچھ ارکانِ اسمبلی نئے شامل ہونے والے افراد کو زیادہ اہمیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے میناکشی نٹراجن سے مطالبہ کیا کہ پارٹی کی کامیابی کے لیے جدوجہد کرنے والے وفادارکارکنوں اوررہنماؤں کو مناسب ترجیح اورشناخت دی جائے۔
پی اے سی اجلاس میں کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کی غیرحاضری اور پارٹی کارکنوں کی جانب سے نامزد عہدوں کے بارے میں کی گئی شکایات نے تلنگانہ کانگریس کے اندرونی معاملات پرسیاسی بحث کومزید بڑھادیا ہے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق