
اے ایم یو نے ‘وکست بھارت سنکلپ ابھیان’ کے لئے دیہی نوجوانوں میں منشیات کے مضر اثرات سے متعلق بیداری پیدا کی
علی گڑھ، 18 اگست (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی جانب سے جونیئر ہائی اسکول، گاؤں جواں سکندرپور میں طلبہ کو منشیات کے استعمال کے خطرات سے آگاہ کرنے اور صحت مند و نشہ سے پاک طرزِ زندگی اختیار کرنے کی اہمیت پر ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔ یہ پروگرام ‘وکست بھارت سنکلپ ابھیان’ کے لئے نشہ سے دور نوجوان مہم کے تحت طلبہ اور نوجوانوں کی ذہنی صحت کے سلسلہ میں اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کی ترجیح کے مطابق منعقد کیا گیا۔ یہ قدم دیہی عوام، خصوصاً نوعمر افراد تک صحت سے متعلق بیداری پیدا کرنے کے اے ایم یو کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس پروگرام میں جماعت ششم تا ہشتم کے تقریباً 60 طلبہ نے شرکت کی ، جن کی عمر 12 سے 17 سال کے درمیان تھی۔
شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر دانش کمال نے رورل ہیلتھ ٹریننگ سینٹر کی اسسٹنٹ پروفیسر اور میڈیکل آفیسر ڈاکٹر تبسم نواب کی رہنمائی میں صحت سے متعلق ایک معلوماتی گفتگو کی۔ طلبہ کو عام طور پر استعمال کی جانے والی منشیات، ان کے قلیل اور طویل مدتی مضر اثرات اور جسمانی و ذہنی صحت، تعلیم، کنبہ اور معاشرے پر ان کے اثرات سے آگاہ کیا گیا۔ نشست کو دلچسپ اور مؤثر بنانے کے لیے چارٹس اور تعلیمی ویڈیوز کا استعمال کیا گیا۔ طلبہ میں انکار کرنے کی صلاحیت پیدا کرنے، ہم عمر ساتھیوں کے دباؤ کا مقابلہ کرنے اور والدین، اساتذہ اور معاشرے سے مدد حاصل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ سوال و جواب کی ایک نشست بھی منعقد ہوئی۔ اسکول کے اساتذہ نے اے ایم یو کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مسلسل بیداری پروگراموں کی ضرورت پر زور دیا۔
اے ایم یو کے ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر ایم اطہر انصاری اور شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی چیئرپرسن پروفیسر عظمیٰ ارم نے اس عوامی رابطہ اقدام کی حمایت کی اور اس بات پر زور دیا کہ اسکولوں میں باقاعدگی سے بیداری پروگراموں اور معاشرے کے ساتھ فعال رابطے کے ذریعے منشیات کے استعمال کی روک تھام میں اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ