
جونپور، 18 اگست (ہ س)۔ اتر پردیش کے جونپور میں آئندہ 26اگست کو پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم ولادت کے موقع پر منعقد ہونے والے جشن عید میلاد النبی کے جلوس اور جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں مرکزی سیرت کمیٹی نے منگل کے روز ضلع مجسٹریٹ کو 11 نکاتی مطالبات کا ایک میمورنڈم پیش کیا ۔ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ ضلع انتظامیہ تاریخی جلوس اورجلسے کی پرامن اور محفوظ تکمیل کے لیے ضروری انتظامات کو یقینی بنائے۔
کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ شاہی عیدگاہ سے شاہی اٹالہ مسجد تک جلوس کے روایتی راستے کو گڑھے سے پاک کیا جائے۔ اس کے ساتھی ہی شہر کو 27 اگست تک رات کے وقت بجلی کی کٹوتی سے پاک رکھنے اور خاص طور پر 26 اگست کو 24 گھنٹے بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنا ئے جانے کی درخواست کی۔
جلوس میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے، کمیٹی نے جلوس کے راستے میں دو ایمبولینس اور دو میڈیکل کیمپوں کی تعیناتی کی درخواست کی۔ اس نے 26 اگست کو فائربریگیڈ کی گاڑیوں کی تعیناتی اور چار واٹر ٹینکرز کی فراہمی کی بھی درخواست کی۔
اس موقع پر صدر عبیدہ شیرازی، جنرل سکریٹری امتیاز احمد رجو، کونسلر حسین ببلو، ارشد قریشی، مولانا انور قاسمی، ظفر مسعود، فیروز عنصر خان، کنوینر فیروز احمد پپو، خزانچی محمد فراز خان، فرحان شیخ، ابو حذیفہ خان، محمد صادق، محمد عامر ، میڈیا انچارج ریاض الحق ، نورالدین منصوری ایڈووکیٹ سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد