
علی گڑھ, 17 اگست (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی جانب سے شعبہ اردو کے زیر اہتمام جشن یوم آزادی کا روایتی مشاعرہ پالی ٹیکنک کے اسمبلی ہال میں منعقد ہوا۔
مشاعرہ کی صدارت کرتے ہوئے پرو وائس چانسلر پروفیسر محسن خان نے یوم آزادی کی مبارک باد پیش کی اور اس ادبی و ثقافتی پروگرام کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ادبی ذوق کی آبیاری اور یونیورسٹی کی متحرک ثقافتی روایات کو مستحکم کرنے میں ایسے پروگراموں کے کردار کو سراہا۔
پروفیسر محسن خان نے اے ایم یو میں مشاعرے کی دیرینہ اور شاندار روایت کو اجاگر کرتے ہوئے ماضی میں منعقد ہونے والے بعض شعری اجتماعات کا ذکر کیا اور کہا کہ مشاعرہ ایک اہم ادبی پلیٹ فارم ہے جہاں نوخیز اور ابھرتے ہوئے شعراء اعتماد حاصل کر سکتے ہیں، اپنے شعری اظہار کو نکھار سکتے ہیں اور ممتاز شعراء اور ادبی دانش وروں سے حوصلہ افزائی حاصل کر سکتے ہیں۔
ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر محمد رضوان خان نے سبھی مہمانوں، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مشاعرے کی اہمیت و روایت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشاعرہ محض ایک مشاعرہ نہیں بلکہ تربیت گاہ بھی ہے، اس مشاعرے میں پڑھنے والے طلبہ و طالبات ہی مستقبل کے اہم شعرا ء ہیں جن کی یہاں تربیت ہوتی ہے، انہوں نے خوبصورت مشاعرے کے انعقاد کے لیے شعبہ اردو بالخصوص صدر شعبہ پروفیسر سید سراج الدین اجملی کو مبارک باد پیش کی۔
اس سے قبل صدر شعبہ اردو پروفیسر سید سراج الدین اجملی نے یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس مشاعرے کی روایت و اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے یوم آزادی کو خوبصورت صبح سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آزادی کی قدرو قیمت کا اندازہ ہونا چاہیے، جو بہت جدوجہد اور قربانیوں سے ملی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اردو شاعری کی روایت میں حب الوطنی اور وطن سے محبت کو ہمیشہ ایک اہم مقام حاصل رہا ہے۔ تحریکِ آزادی کے دور کی شاعری سے لے کر عصرِ حاضر میں قومی فخر اور سماجی ذمہ داری کے اظہار تک، اردو شعراء نے اپنے اشعار کے ذریعے اجتماعی وابستگی کے احساس کو بیدار کیا، آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور آنے والی نسلوں کو ملک کی ترقی اور اتحاد میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ مشاعرہ اس ادبی اور حب الوطنی کی روایت کو زندہ رکھنے کے ساتھ ساتھ نوجوان شعراء کو اپنے خیالات اور امنگوں کا اظہار اپنی منفرد آواز میں کرنے کے لیے ایک بامعنی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
مہمان خصوصی اور سابق صدر شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی پروفیسر احمد محفوظ، صدر شعبہ اردو پروفیسر سید سراج الدین اجملی، ڈاکٹر ایم آر قاسمی علیگ،، ڈاکٹر عدنان کاشف، امیر امام، ناظم مشاعرہ پروفیسر زبیر شاداب سمیت بیرونی و مقامی شعراء، یونیورسٹی کے استاد شعرا، شعبہ اردو کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے اپنے معیاری کلام سے حاضرین کو محظوظ کیا۔
مشاعرے کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر زبیر شاداب، ڈائریکٹر، مرکز برائے پیشہ ورانہ فروغ برائے اردو اساتذہ (اردواکیڈمی) نے بحسن و خوبی انجام دئے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ