سنگم کمیٹی، جے این ایم سی، اے ایم یو نے مجاہدینِ آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے خط نویسی مقابلہ منعقد کیا
علی گڑھ, 17 اگست (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی اسپورٹس، آرٹس، نیریٹیو، گیمز اینڈ میوزک (سنگم ) کمیٹی نے یومِ آزادی کے موقع پر فیکلٹی آف میڈیسن کے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لیے ‘‘خطوط کے پار: مجاہد آزاد
سنگنم کمیٹی


علی گڑھ, 17 اگست (ہ س)۔

جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی اسپورٹس، آرٹس، نیریٹیو، گیمز اینڈ میوزک (سنگم ) کمیٹی نے یومِ آزادی کے موقع پر فیکلٹی آف میڈیسن کے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لیے ‘‘خطوط کے پار: مجاہد آزادی کے نام ایک خط’’ کے عنوان سے خط نویسی مقابلہ منعقد کیا۔

فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد کی سرپرستی میں کام کرنے والی سنگم کمیٹی کی کنوینر شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر تبسم نواب ہیں۔ کمیٹی کا مقصد طب کے طلبہ میں غیر نصابی سرگرمیوں میں شرکت کو فروغ دینا اور ان کی ہمہ جہت پیشہ ورانہ ترقی میں معاونت کرنا ہے۔

5 اگست 2026 کو منعقد ہونے والے اس مقابلے کا مقصد طلبہ میں حب الوطنی، تخلیقی صلاحیت، تنقیدی فکر اور شہری شعور کو فروغ دینا تھا۔ اس مقابلے نے طلبہ کو ملک کی تحریکِ آزادی کے نظریات پر غور کرنے اور انہیں موجودہ سماجی حقائق، ذمہ داریوں اور قوم کی تعمیر سے مربوط کرنے کا موقع فراہم کیا۔

مقابلے میں موصول ہونے والے خطوط کا جائزہ شعبہ فزیالوجی کی پروفیسر سنگیتا سنگھل، شعبہ فارماکولوجی کے ڈاکٹر جمیل احمد اور شعبہ اینستھیزیا کی ڈاکٹر شہنا علی پر مشتمل جیوری نے لیا۔ اس مقابلے میں شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی جے آر 2 ڈاکٹر ریا دت نے اول انعام حاصل کیا، جبکہ بی ڈی ایس 2024 بیچ کی فائزہ نعمان نے دوم اور عائشہ صدیقی نے سوم انعام حاصل کیا۔

13 اگست کو تقسیم انعامات تقریب منعقد ہوئی جس کا آغاز ڈاکٹر تبسم نواب کے استقبالیہ خطاب سے ہوا۔ پروگرام میں شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے جے آر 3 ڈاکٹر پرتیک کمار اور تیسرے سال کی میڈیکل طالبہ مس کیفریں نے حب الوطنی کے نغمے پیش کیے۔ دوسرے سال کے میڈیکل طالب علم مسٹر اریان طارق نے پروگرام کے کامیاب انعقاد میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ دوسرے سال کی میڈیکل طالبہ مس وریشا نے تقریب کی نظامت کی۔

ڈی ایس ڈبلیو پروفیسر محمد اطہر انصاری نے تقریب میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اس تخلیقی، فکر انگیز اور دلچسپ پروگرام کے انعقاد میں اساتذہ اور طلبہ کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔

فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد نے پیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ ساتھ طلبہ میں تخلیقی اظہار کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ طلبہ کو قوم کی تعمیر میں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنے اور انہیں پورا کرنے کے ساتھ ساتھ طبی خدمات کے ذریعے معاشرے کی خدمت کرنی چاہیے۔ جے این ایم سی کے پرنسپل اور سی ایم ایس پروفیسر انجم پرویز نے سنگم کمیٹی کو پروگرام کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور طلبہ میں حب الوطنی اور شہری ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینے کے لیے فیکلٹی ارکان کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا۔

تقریب میں سنگم کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر نیما عثمان، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ اناٹومی؛ ڈاکٹر شہنا علی، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ اینستھیزیا، ڈاکٹر بشریٰ صدیقی، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ پیتھالوجی؛ ڈاکٹر مراد، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ پیتھالوجی؛ ڈاکٹر سمرین ظہیر، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ ریڈیوتھراپی؛ ڈاکٹر حبا سمیع، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ مائیکرو بایولوجی؛ اور ڈاکٹر ثمینہ احمد، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے بھی شرکت کی۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande