
نئی دہلی، 15 اگست (ہ س)۔ سری لنکا کے خلاف گال میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میں دیودت پڈیکل نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری لگا کر تاریخ رقم کر دی۔ پڈیکل یومِ آزادی کے موقع پر بین الاقوامی کرکٹ میں سنچری بنانے والے دوسرے ہندوستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ ان سے قبل یہ کارنامہ وراٹ کوہلی نے انجام دیا تھا، البتہ کوہلی کی سنچری ایک روزہ کرکٹ میں بنی تھی۔
خبر لکھے جانے تک پڈیکل 175 گیندوں پر 129 رن بنا کر ناٹ آوٹ تھے۔ ان کی شاندار اننگز میں 12 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔ انہوں نے 73 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ سے بلے بازی کرتے ہوئے سری لنکن گیند بازوں پر دباو برقرار رکھا۔
باقاعدہ نمبر تین بلے باز سائی سدرشن کے زخمی ہونے کے باعث ٹیم میں شامل کیے گئے پڈیکل نے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ یہ ان کا محض تیسرا ٹیسٹ میچ ہے اور انہوں نے سنچری بنا کر نمبر تین کی پوزیشن کے لیے اپنی مضبوط دعویداری پیش کی ہے۔
پڈیکل نے اس سے قبل کے ایل راہل کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 150 رن کی بہترین شراکت داری کی۔ راہل 162 گیندوں پر 77 رن بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ اس کے بعد کپتان شبھمن گل 16 رن بنا کر آوٹ ہوئے۔
وراٹ کوہلی یومِ آزادی پر بین الاقوامی سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی بنے تھے۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف بارش سے متاثرہ ون ڈے میچ میں 99 گیندوں پر ناٹ آوٹ 114 رن بنائے تھے۔
کوہلی واحد ہندوستانی ہیں جنہوں نے یومِ آزادی اور یومِ جمہوریہ، دونوں مواقع پر بین الاقوامی سنچریاں اسکور کی ہیں۔
پڈیکل کی سنچری ہندوستان کے لیے نمبر تین پر طویل عرصے بعد آئی ہے۔ اس سے قبل شبھمن گل نے ستمبر 2024 میں چنئی میں بنگلہ دیش کے خلاف اس پوزیشن پر سنچری بنائی تھی۔ اس کے بعد ہندوستان نے نمبر تین پر سات مختلف بلے بازوں کو آزمایا، لیکن 35 اننگز میں ان کی اجتماعی اوسط محض 27.28 رہی۔
پڈیکل گزشتہ کچھ عرصے سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی شاندار فارم میں ہیں۔ انہوں نے اپنی آخری 10 اننگز میں 702 رن بنائے ہیں، جن میں تین سنچریاں اور دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔
ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یشسوی جیسوال اور کے ایل راہل نے پہلی وکٹ کے لیے 47 رن جوڑے۔ جیسوال نے 37 گیندوں پر 32 رن بنائے۔ اس کے بعد راہل اور پڈیکل نے اننگز کو سنبھالا۔
خبر لکھے جانے تک ہندوستان کا اسکور 2 وکٹ پر 284 رن تھا۔ پڈیکل 129 اور رشبھ پنت 25 رن بنا کر کریز پر موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن