
نئی دہلی، 15 اگست (ہ س)۔ ہندوستان نے ہفتہ کو سری لنکا کے خلاف گالے میں پہلے ٹیسٹ کے لئے میدان میں اترتے ہی ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ ہندوستان 600 ٹیسٹ میچ کھیلنے والا دنیا کا تیسرا ملک بن گیا۔
ہندوستان سے پہلے صرف انگلینڈ (1,097 ٹیسٹ) اور آسٹریلیا (883 ٹیسٹ) نے 600 یا اس سے زیادہ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ ہندوستان نے 599 ٹیسٹ میں 186 جیتے، 188 ہارے اور 224 ڈرا ہوئے۔ اس کی جیت ہار کا تناسب 0.989 ہے اور اس کی جیت کا تناسب 31.13 ہے۔
ہندوستان ٹیسٹ کرکٹ میں کل جیت کے لحاظ سے پانچویں نمبر پر ہے ۔اس سے آگے آسٹریلیا (426)، انگلینڈ (405)، جنوبی افریقہ (191) اور ویسٹ انڈیز (187) ہیں ۔
سال 1932 میںہوا ٹیسٹ سفر کا آغاز
ہندوستان نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ 1932 میں لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا۔ سی کے نائیڈو کی کپتانی میںکھیلے گئے اس مقابلے میں انگلینڈ نےہندوستان کو 158 رن سے شکست دی تھی ۔
ہندوستان نے اپنا 100واں ٹیسٹ 1967 میں برمنگھم میں، 200واں ٹیسٹ میچ 1982 میں لاہور میںاور اپنا 300واں ٹیسٹ احمد آباد میں 1996 میں کھیلا۔
# ہندوستان کے تاریخی ٹیسٹ
* پہلا ٹیسٹ: انگلینڈ بمقابلہ ہندوستان، لارڈز، 1932 - انگلینڈ 158 رن سے جیتا۔
* 100 واں ٹیسٹ: انگلینڈ بمقابلہ ہندوستان، برمنگھم، 1967 - انگلینڈ 132 رن سے جیتا
* 200 واں ٹیسٹ: پاکستان بمقابلہ ہندوستان، لاہور، 1982 -ٹیسٹ میچ ڈرا رہا۔
* 300 واں ٹیسٹ: ہندوستان بمقابلہ جنوبی افریقہ، احمد آباد، 1996 - ہندوستان 64 رن سے جیتا۔
* 400 واں ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز بمقابلہ ہندوستان، کنگسٹن، 2006 - ہندوستان 49 رن سے جیتا۔
* 500 واں ٹیسٹ: ہندوستان بمقابلہ نیوزی لینڈ، کانپور، 2016 - ہندوستان 197 رن سے جیتا
* 600 واں ٹیسٹ: سری لنکا بمقابلہ ہندوستان، گالے، 2026-ٹیسٹ میچ جاری
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد