
ڈارون، 15 اگست (ہ س)۔بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن ہفتہ کو آسٹریلیا نے کچھ حد تک واپسی کی ضرور کوشش کی ، لیکن مہمان ٹیم اب بھی تاریخی جیت سے چند قدم دور ہے۔ پہلی اننگز میں بنگلہ دیش کی 228 رن کی برتری کے جواب میں آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں کھیل کے اختتام پر چار وکٹوں پر 161 رن بنائے تھے۔ آسٹریلیا اب بھی بنگلہ دیش سے 67 رن سے پیچھے ہے۔
بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 426 رن بنائے اور آسٹریلیا کے 198 رن کے جواب میں 228 رن کی خاطر خواہ برتری حاصل کی۔ بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 138 اوور تک بلے بازی کی، جو گزشتہ سات برسوں میں کسی مہمان ٹیم کے ذریعہ سب سے زیادہ ہے۔
ہیزل ووڈ نے 300 وکٹیں مکمل کیں:
آسٹریلیا کے تیز گیندباز جوش ہیزل ووڈ نے دن کے اوائل میں ہی حسن محمود کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے بنگلہ دیش کی اننگز کوہلکا جھٹکا دیا۔ حسن نے تقریباً تین گھنٹے تک 92 گیندوں کا سامنا کیا اور 46 رن بنائے۔ انہوں نے مہدی حسن میراز کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے 46 رن جوڑے۔
اس کے بعد ہیزل ووڈ نے تاج الاسلام کو گلی میںکیچ کروایا۔ مہدی حسن میراز 65 رن بنا کر آؤٹ ہوئے اور ا ن کا وکٹ ہیزل ووڈ کے لئے انتہائی خاص رہا۔ اس وکٹ کے ساتھ ہیزل ووڈ نے اپنی 300 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کر لیں۔ اس کے بعد انہوں نے دو اوور میںبنگلہ دیش کی اننگز کو سمیٹ دیا اور 89 رن کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں۔
حسن محمود نے پھرشاندار گیندبازی کی
پہلی اننگز میں228 رن کی برتری حاصل کرنے کے بعد بنگلہ دیش کے گیندبازوں نے آسٹریلیا کی دوسری اننگز کا شاندار آغاز کیا۔ حسن محمود نے دونوں اوپنرز کو بولڈ کر دیا۔ جیک ویدرالڈ دوسری اننگز میں کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ انہوں نے حسن کی آؤٹ سوئنگنگ ڈلیوری کو اندر کی طرف کھیل دیا اور گیند ان کے اسٹمپ سے ٹکرا گئی۔ ٹریوس ہیڈ نے کچھ شاندار باؤنڈری لگائی لیکن اگلے ہی اوور میں گیند کو اندر کی طرف کھیل کر اپنے اسٹمپ کو اکھاڑ بیٹھے۔
اسمتھ اور گرین نے اننگز کوسنبھالا
آسٹریلیا نے اس کے بعد اسٹیو اسمتھ اور مارنس لیبوشین کے درمیان 36 رن کی شراکت داری کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ تاہملیبوشین کو تاج الاسلام نے 31 کے اسکور پر بولڈ کر دیا۔اسمتھ اور کیمرون گرین نے 49 رن کی شراکت داری قائم کر کے آسٹریلیا کو مشکلات سے نکال دیا لیکن مہدی حسن میراز نے اسمتھ کو 44 رنپر پویلین واپس بھیج دیا۔
اس کے بعد گرین اور ایلکس کیری نے پھر مزید نقصان نہیں ہونے دیا اور پہلے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا کو چار وکٹ پر161 رن تک پہنچا دیا۔ گرین 43 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلہ دیش اب آسٹریلیا کے خلاف تاریخی ٹیسٹ جیت کے بہت قریب ہے جب کہ آسٹریلیا کو میچ بچانے کے لیے چوتھے روز سخت جدوجہد کرنا ہوگی۔
مختصر اسکور آسٹریلیا: 198 اور 161/4 (اسٹیو اسمتھ 44، کیمرون گرین 43*) بنگلہ دیش: 426 (تنزید حسن تمیم 101، نجم الحسن شانتو 84، مہدی حسن میراز 65؛ جوش ہیزل ووڈ 6/89)۔ آسٹریلیا، بنگلہ دیش سے اب بھی 76 رن پیچھے ہے۔
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد