

دہرادون، 14 اگست (ہ س)۔
اتراکھنڈ کے چمولی ضلع کے مایاپور-پیپل کوٹی علاقے میں ٹی ایچ ڈی سی کی زیر تعمیر سرنگ میں ملبہ اور پانی بھرنے سے ہوئے حادثے میں اب تک سات افراد کی موت ہو گئی ہے۔ باقی دیگر لوگوں کو نکالنے کے لیے امدادی و بچاو مہم جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی جمعہ کے روز انتہائی خراب موسم کے باوجود پیپل کوٹی پہنچے ہیں۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق، وشنو گاڈ-پیپل کوٹی ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کی ٹی آر ٹی ٹنل میں جمعرات کی شام زمین دھنسنے کے باعث تقریباً 1.50 کلومیٹر حصے میں ملبہ اور پانی بھر گیا۔ ٹنل کی کل لمبائی تقریباً تین کلومیٹر ہے۔ حادثے کے بعد ٹنل میں 22 افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (ڈی ایم) گورو کمار رات بھر جائے حادثہ پر موجود رہ کر بچاو مہم کی نگرانی کرتے رہے۔ انتظامیہ کے مطابق بچاو مہم کے تحت باقی لوگوں کو محفوظ نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ امدادی و بچاو کام میں تعاون کے لیے ٹنل کے اندر گئے چھ ریسکیو اہلکار بھی محفوظ ہیں۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق، زخمیوں کا ضلع اسپتال گوپیشور میں علاج جاری ہے۔ این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، آئی ٹی بی پی، پولیس نیز دیگر تکنیکی اور ماہر ٹیمیں امدادی و بچاو مہم میں مصروف ہیں۔ ٹنل کے اندر ملبہ اور پانی ہونے کی وجہ سے ریسکیو ٹیم کو مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے افسران اور ریسکیو ٹیموں کو تمام دستیاب وسائل اور تکنیکی مدد کا استعمال کرتے ہوئے پھنسے ہوئے لوگوں کو جلد از جلد محفوظ باہر نکالنے کی ہدایت دی ہے۔ انتظامیہ نے کہا کہ اس مہم کو اعلیٰ ترین ترجیح کے ساتھ جاری رکھا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی جمعہ کے روز انتہائی خراب موسم کے باوجود پیپل کوٹی پہنچے۔ خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ بھی مشکل حالات میں ہوئی۔
وزیر اعلیٰ یہاں ٹی ایچ ڈی سی کی زیر تعمیر سرنگ میں پھنسے مزدوروں کو محفوظ باہر نکالنے کے لیے چلائی جا رہی امدادی و بچاو مہم کا موقع پر معائنہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرنگ میں پھنسے ہر ایک مزدور کو محفوظ باہر نکالنا ریاستی حکومت کی اعلیٰ ترین ترجیح ہے۔ اس کے لیے تمام متعلقہ ایجنسیاں باہمی تعاون کے ساتھ جنگی بنیادوں پر امدادی و بچاو مہم میں مصروف ہیں۔
حادثے میں متوفیان کی فہرست میں پردیپ سنگھ پوار (31)، مکیش، درلبھ شرما، وجے (28)، جتیندر کمار، لوکیشور اور بھونیشور کے نام شامل ہیں۔ پردیپ سنگھ پوار ٹہری ضلع کے چمبا علاقے کے گاوں گینوال کے ساکن تھے۔ مکیش چمولی ضلع کے ارگم کے رہنے والے بتائے گئے ہیں۔ درلبھ شرما بہار، جبکہ وجے اور جتیندر کمار جھارکھنڈ کے ساکن تھے۔ لوکیشور اور بھونیشور کے بارے میں تفصیلی معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔
ضلع اسپتال گوپیشور میں داخل کرائے گئے ملازمین کی فہرست میں سنیل دیوان (20) چھتیس گڑھ، ہابیل گڑیا (27)، نستار بھگرا (24)، ونود راونا (46)، دینا بیگرا (26) اور کھیلا رام بسرا (22) جھارکھنڈ کے ساکن بتائے گئے ہیں۔ چھبیر سنگھ (45) پنجاب، تلک راج (48) ہماچل پردیش، چندن کمار (39)، اودھیش، نند لال اور روہت پانڈے (20) بہار نیز پین سنگھ (33) چھتیس گڑھ کے ساکن ہیں۔ روہت پانڈے کو سری نگر ریفر کیا گیا ہے۔ فہرست میں گووند کو ڈسچارج بتایا گیا ہے، جبکہ ان کی دیگر تفصیلات کی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن