

نئی دہلی۔13 اگست(ہ س )
یومِ آزادی کے موقع پر اردو و سندھی اکادمی، دہلی کے زیرِ اہتمام اردو اکادمی کے احاطے میں ”ہر گھر ترنگا“ مہم کے تحت ”پرچم کشائی اور ثقافتی تقریب“ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا ا?غاز اردو و سندھی اکادمی کے سیکریٹریز لیکھ راج اور رمیش ایس لعل کے ہاتھوں قومی پرچم ترنگا کی پرچم کشائی سے ہوا۔ قومی گیت اور قومی ترانے کے موقع پر حاضرین نے جوش و خروش کے ساتھ اپنی حب الوطنی کا اظہار کیا۔
پروگرام کے آغاز میں دونوں اکادمیوں کے سیکریٹریز نے تمام فنکاروں کا گلدستے پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب کی نظامت کی ذمہ داری جناب اطہر سعید نے بخوبی انجام دی۔
اپنے استقبالیہ کلمات میں لیکھ راج، ایڈیشنل سکریٹری، محکمہ فن و السنہ، حکومتِ دہلی نے مجاہدینِ آزادی اور شہیدانِ وطن کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی حاصل کیے ہوئے کئی دہائیاں گزر چکی ہیں، لیکن آج بھی ہم نے اپنے دلوں میں ان عظیم سپوتوں کی یادوں کو زندہ رکھا ہے۔ ہمیں ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے اور ملک میں امن، اتحاد اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ اردو اور سندھی اکادمیوں کا مشترکہ طور پر یہ جشن منانا قومی یکجہتی کی خوبصورت مثال ہے۔
ثقافتی پروگرام کا آغاز دہلی کی معروف گلوکارہ ودوشی نے حب الوطنی سے سرشار نغموں سے کیا۔انھوں نے ”جہاں ڈال ڈال پر سونے کی چڑیا کرتی ہے بسیرا“ سمیت متعدد نغمے پیش کیے، جن سے تقریب کا ماحول حب الوطنی کے جذبے سے معمور ہوگیا۔
موسیقی کے بعد رقص و سرود کا سلسلہ شروع ہوا، جس میں بھاو نا راج گروپ نے حب الوطنی کے جذبے سے سرشار مختلف قومی موضوعات پر مبنی رقص پیش کیے۔ گروپ نے اپنی پرجوش پیشکش کا ا?غاز معروف قومی گیت ”وندے ماترم“ کی دھن پر اجتماعی رقص سے کیا، جس نے تقریب کے ماحول کو مزید جوش و جذبے سے بھر دیا۔ بعد ازاں گروپ کے فنکاروں نے ہندوستان کے مختلف خطوں کے متنوع روایتی رقص پیش کرتے ہوئے ملک کی رنگا رنگ تہذیبی اور ثقافتی روایت کی خوبصورت عکاسی کی جس سے حاضرین محظوظ بھی ہوئے اور حب الوطنی کے جذبات سے بھی سرشار ہوئے۔
ثقافتی تقریب کے اختتام پر دہلی گھرانے کے معروف قوال ارشد عدنان قطبی اور ان کے گروپ نے صوفیانہ قوالیوں کی محفل سجائی۔انھوں نے اپنی پیشکش کا آغاز ”دل دیا ہے جاں بھی دیں گے، اے وطن تیرے لیے“ سے کیا بعد ازاں حب الوطنی کے موضوع پر مختلف کلام اپنے منفرد اور پرسوز انداز میں پیش کیے۔ قوالوں کی دل سوز آواز اور صوفیانہ رنگ نے محفل کو یادگار بنا دیا۔
اس تقریب نے نہ صرف یومِ آزادی کے جذبے کو اجاگر کیا بلکہ قومی یکجہتی، بھائی چارے، امن اور ہندوستان کی کثیرالثقافتی روایت کا بھی خوبصورت پیغام دیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais