
حیدرآباد ،13 اگست (ہ س)۔ تلنگانہ کے ایک وزیرکومبینہ طورپرامریکہ کے ایک ایئرپورٹ پربھاری مقدارمیں نقد رقم ساتھ لے جانے کے معاملے میں امیگریشن حکام کی پوچھ تاچھ کا سامناکرناپڑا۔ بتایا گیا ہے کہ وزیرتقریباًدو ہفتے قبل اپنے افراد خاندان کے ساتھ امریکہ گئے تھے اوریہ معاملہ اب منظرعام پرآیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق وزیرکے پاس مبینہ طورپربڑی مقدارمیں نقد رقم موجود تھی۔ امریکی امیگریشن حکام نے انہیں ایک گھنٹے سے زائد وقت تک امیگریشن کے مقام پر بٹھائے رکھا اور رقم کے بارے میں سوالات کیے۔ حکام نے مبینہ طور پروزیرسے دریافت کیا کہ وہ اتنی بڑی رقم اپنے ساتھ امریکہ کیوں لے کرآئے ہیں اوررقم کے مقصد اورذرائع کے بارے میں وضاحت طلب کی۔ ذرائع کے مطابق وزیر کا تعلق جنوبی تلنگانہ سے ہے اورریاست میں وہ پہلے ہی مختلف سیاسی الزامات کی زد میں رہے ہیں۔ ان پرمبینہ طورپرمختلف معاملات میں ’فیصد‘ کامطالبہ کرنے کے الزامات بھی عائد کیے جاتے رہے ہیں۔ وزیر کے افراد خاندان کے خلاف بھی تلنگانہ میں متعدد الزامات سامنے آنے کی بات کہی جارہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق وزیرتقریباً دو ہفتے قبل اپنے خاندان کے ساتھ امریکہ روانہ ہوئے تھے، تاہم ایئرپورٹ پر پیش آنے والے مبینہ واقعہ کی خبردیرسے سامنے آئی۔ ابھی تک وزیرکے ساتھ موجود مبینہ رقم کی صحیح مقدار،اس کے ذرائع اور امریکی حکام کی جانب سے کسی کارروائی کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔وزیریا امریکی حکام کی جانب سے بھی اس معاملے پرکوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ ایئرپورٹ پر پوچھ تاچھ اوروزیر کے خلاف عائد دیگرالزامات کی آزادانہ طورپرتصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق