
علی گڑھ، 13 اگست (ہ س)۔ علی گرھ کے کلیان سنگھ ہیبی ٹیٹ سینٹر میں ترنگا یاترا کے اختتام کے بعد حب الوطنی کے ساتھ صفائی کا بھی متاثر کن پیغام دیکھنے کو ملا۔ یاترا میں شریک طلبہ کے ناشتے کے بعد احاطے میں خالی کھانے کے پیکٹ اور پانی کی بوتلیں بکھری دیکھ کر کمشنر علی گڑھ منڈل سنگیتا سنگھ اور ضلع مجسٹریٹ اویناش کمار خود آگے آئے اور کچرا جمع کرکے ڈسٹ بن میں ڈالا۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے سوچھ بھارت ابھیان کے جذبے کو اپناتے ہوئے دونوں افسران نے خود شرم دان کیا اور پیغام دیا کہ صفائی صرف کسی ایک فرد، ملازم یا محکمہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کا فرض ہے۔ ان کے اس قابلِ تقلید اقدام سے موقع پر موجود طلبہ، پی آر ڈی جوانوں اور افسران و ملازمین کو بھی صفائی کے تئیں ذمہ داری کا عملی سبق ملا۔
کمشنر اور ضلع مجسٹریٹ کو خود صفائی کرتے دیکھ کر اسکولی طلبہ و طالبات، پی آر ڈی جوان اور دیگر افسران و ملازمین بھی فوری طور پر صفائی مہم میں شامل ہوگئے۔ دیکھتے ہی دیکھتے احاطے سے خالی پیکٹ اور پانی کی بوتلیں جمع کرکے مقررہ ڈسٹ بن میں ڈال دی گئیں۔
اس موقع پر افسران نے طلبہ کو پیغام دیا کہ عوامی مقامات کو صاف رکھنا صرف کسی مہم تک محدود نہ رہے بلکہ اسے اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنایا جائے۔ ترنگے کی شان اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ صفائی کا عہد بھی اتنا ہی اہم ہے۔ ترنگا یاترا کا اختتام اس طرح حب الوطنی کے ساتھ صفائی، ذمہ داری اور شہری فرائض کا متاثر کن پیغام دیتے ہوئے ہوا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ