
احمد آباد، 13 اگست (ہ س)۔
ہندوستان کی نمبر ایک اور دنیا کی 27ویں نمبر کی پیرا ٹیبل ٹینس کھلاڑی نورجہاں نورعلی جمانی کو گجرات حکومت کے باوقار سردار پٹیل کھیل ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ ہرش سنگھوی نے 12 اگست کو گاندھی نگر میں منعقدہ تقریب میں نورجہاں کو یہ ایوارڈ پیش کیا۔
گجرات حکومت کے کھیل، نوجوانوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے محکمہ کی جانب سے دیا جانے والا سردار پٹیل کھیل ایوارڈ ریاست کے اعلیٰ ترین کھیل اعزازات میں شمار کیا جاتا ہے۔ ہندوستان کے ’ مردآہن‘ اور ملک کے سیاسی اتحاد کے معمار سردار ولبھ بھائی پٹیل کے نام سے دیا جانے والا یہ ایوارڈ کھیل کے میدان میں غیر معمولی کارکردگی، عزم اور جدوجہد کے ذریعے گجرات اور ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کو دیا جاتا ہے۔
12 سال بعد شاندار واپسی
نورجہاں کو پانچ سال کی عمر میں پولیو ہوا تھا۔ انہوں نے 2007 سے 2010 کے درمیان پہلی مرتبہ پیرا ٹیبل ٹینس میں حصہ لیا، لیکن اس کے بعد ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک کھیل سے دور رہیں۔ سال 2022 میں مسابقتی ٹیبل ٹینس میں ان کی واپسی نے ان کے کیریئر میں ایک شاندار نئے باب کا آغاز کیا۔
واپسی کے بعد نورجہاں نے مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اندور میں منعقدہ یو ٹی ٹی پیرا سینئر نیشنل چیمپئن شپ 2025-26 میں اپنا خطاب برقرار رکھا۔ اس سے قبل وہ یو ٹی ٹی نیشنل پیرا ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کا خطاب بھی جیت چکی ہیں۔ ان کامیابیوں کی بدولت وہ ہندوستان کی نمبر ایک اور اپنی کیٹیگری میں دنیا کی 27ویں نمبر کی کھلاڑی بنیں۔
’گرو ہے‘ پہل سے مل رہا تعاون
احمد آباد میں مقیم نورجہاں اڈانی ایئرپورٹ ہولڈنگز لمیٹڈ (اے اے ایچ ایل) میں جونیئر افسر کے طور پر کام کرتی ہیں۔ انہیں اڈانی اسپورٹس لائن کی ’گرو ہے‘ پہل کے تحت طویل عرصے سے اعلیٰ کارکردگی کے لیے تعاون حاصل ہو رہا ہے۔
ایوارڈ ملنے پر نورجہاں نے کہا، ”گجرات حکومت کی جانب سے یہ اعزاز ملنا میرے لیے انتہائی خاص ہے اور مجھے مزید بلند اہداف حاصل کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ ہر کامیابی ہندوستان کی فخر کے ساتھ نمائندگی کرنے کے میرے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے۔ میں اڈانی اسپورٹس لائن اور ’گرو ہے‘ پہل کی شکر گزار ہوں، جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور میرے سفر کے ہر قدم پر میرا ساتھ دیا۔“
اڈانی اسپورٹس لائن کے چیف بزنس آفیسر سنجے اڈیسرہ نے کہا، ”نورجہاں کا سفر اس عزم اور جدوجہد کی عکاسی کرتا ہے جو چیمپئن کھلاڑیوں کی شناخت ہوتی ہے۔ ہمیں ’گرو ہے‘ کے ذریعے ان کی حمایت کرنے پر فخر ہے اور ہم انہیں اس مستحق اعزاز کے لیے مبارکباد دیتے ہیں۔“
سردار پٹیل کھیل ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اب نورجہاں کی نظریں 2026 کے ایشیائی پیرا کھیلوں میں جگہ بنانے پر ہیں۔ جاپان کے آئیچی اور ناگویا میں 18 سے 24 اکتوبر تک ہونے والے ان کھیلوں میں وہ ہندوستان کی پیرا گیمزمیں بڑھتی کامیابی میں ایک اور باب شامل کرنے کی امید کے ساتھ تیاری کر رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ