فن لینڈ کی میزبانی میں ٹی-20 عالمی کپ یورپ سب ریجنل کوالیفائر 14 اگست سے
ہیلسنکی، 13 اگست (ہ س)۔ آئی سی سی مردوں کے ٹی-20 عالمی کپ 2028 کے یورپ سب ریجنل کوالیفائر کا آخری مرحلہ جمعہ سے فن لینڈ میں شروع ہوگا۔ 14 سے 21 اگست تک ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ فاتح ٹیم 2027 میں ہونے والے آئی سی سی مردوں کے
فن لینڈ کی میزبانی میں ٹی-20 عالمی کپ یورپ سب ریجنل کوالیفائر 14 اگست سے


ہیلسنکی، 13 اگست (ہ س)۔

آئی سی سی مردوں کے ٹی-20 عالمی کپ 2028 کے یورپ سب ریجنل کوالیفائر کا آخری مرحلہ جمعہ سے فن لینڈ میں شروع ہوگا۔ 14 سے 21 اگست تک ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ فاتح ٹیم 2027 میں ہونے والے آئی سی سی مردوں کے ٹی-20 عالمی کپ یورپ کوالیفائر میں جگہ بنائے گی۔

یہ یورپ میں اس موسم گرما میں منعقد ہونے والے سب ریجنل کوالیفائر کا آخری مرحلہ ہے۔ اس کے بعد فاتح ٹیم کے پاس 2028 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے ٹی-20 عالمی کپ کے عالمی کوالیفائر میں پہنچنے کا موقع ہوگا۔

دو گروپوں میں تقسیم 10 ٹیمیں

ٹورنامنٹ میں 10 ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ-1 میں میزبان فن لینڈ کے ساتھ بلغاریہ، آئل آف مین، لکسمبرگ اور اسپین شامل ہیں۔ جبکہ گروپ-2 میں چیکیا، جرمنی، یونان، اسرائیل اور پرتگال کو رکھا گیا ہے۔ دونوں گروپوں کی سرفہرست ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔ فن لینڈ میں ہونے والے اس مرحلے کی فاتح ٹیم یورپ کوالیفائر میں دستیاب آخری مقام حاصل کرے گی۔

پہلی بار فنش زبان میں بھی نشریات

فن لینڈ کے لیے یہ ٹورنامنٹ ملک میں کرکٹ کے بڑھتے اثر و رسوخ کو ظاہر کرنے کا بڑا موقع ہے۔ فن لینڈ نے اس سے قبل 2022 میں آئی سی سی سب ریجنل کوالیفائر کی میزبانی کی تھی۔ اس بار آئی سی سی نے پہلی مرتبہ فن لینڈ کے تمام میچوں کے لیے فنش زبان میں کمنٹری کا انتظام کیا ہے۔ مقابلے آئی سی سی ٹی وی اور فن لینڈ کے سرکاری نشریاتی ادارے کی آن لائن اسٹریمنگ اور کیچ اپ سروس ’وائی ایل ای ایرینا‘ پر دستیاب ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کے دیگر تمام میچ بھی آئی سی سی ٹی وی پر دنیا بھر میں براہ راست نشر کیے جائیں گے۔

اس مقابلے میں سب کی نظریں پرتگال کے نئے کپتان موئسس ہنریکس پر بھی ہوں گی۔ آسٹریلیا کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کھیل چکے 39 سالہ ہنریکس اپنے آبائی ملک پرتگال کی جانب سے پہلی مرتبہ میدان میں اتریں گے۔

یورپ کے سب ریجنل کوالیفائر کے پہلے مرحلے کے مقابلے مئی میں قبرص اور دوسرے مرحلے کے میچ جولائی میں ڈنمارک میں ہوئے تھے۔ قبرص میں سب ریجنل کوالیفائر-اے جیت کر جرسی نے پہلا کوالیفکیشن مقام حاصل کیا، جبکہ ڈنمارک نے اپنی سرزمین پر سب ریجنل کوالیفائر-بی جیت کر دوسرا مقام یقینی بنایا۔

فن لینڈ میں ہونے والے مرحلے کی فاتح ٹیم اگلے سال یورپ کوالیفائر کھیلے گی۔ 2026 کے ٹورنامنٹ میں خصوصی حالات کے پیش نظر اسکاٹ لینڈ کو براہ راست یورپ کوالیفائر میں جگہ دی گئی ہے۔ جبکہ اٹلی اور نیدرلینڈز براہ راست عالمی کوالیفائر میں پہنچیں گے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande