
جموں, 13 اگست (ہ س): یومِ آزادی کے پیش نظر ایس ڈی آر ایف جموں کی جانب سے جمعرات کو ترنگا ریلی نکالی گئی، جس کا مقصد حب الوطنی، قومی اتحاد اور ملکی سالمیت کا پیغام عام کرنا تھا۔
ایس ڈی آر ایف کے کمانڈنٹ محمد اسلم نے بٹالین ہیڈکوارٹر جموں سے ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ریلی میں ایس ڈی آر ایف اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور قومی پرچم لہراتے ہوئے ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت لوگوں کو قومی یکجہتی اور وطن سے وفاداری کا پیغام دیا۔
ریلی گرین بیلٹ پارک، گاندھی نگر، پانامہ چوک اور ملحقہ علاقوں سے گزری۔ اس دوران اہلکاروں نے عوام کو یومِ آزادی قومی جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ منانے کی ترغیب بھی دی۔
اس موقع پر ایس ڈی آر ایف کمانڈنٹ البینہ ملک، جے کے پی ایس، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس دنیش گپتا، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس لائٹ کمار، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس روہت دیو سنگھ سمیت دیگر افسران اور اہلکار موجود تھے۔
کمانڈنٹ نے ریلی میں اہلکاروں کی پرجوش شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی آر ایف اہلکار خدمت، بہادری، نظم و ضبط اور وطن سے وفاداری کی اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے معاشرے میں قومی اتحاد اور ذمہ داری کا جذبہ اجاگر کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر