اشونی ویشنو نے مرکزی وزراءکو دکھایا ریلوے کا ’وار روم‘، اے آئی کے ذریعے ہو رہی لائیو نگرانی
نئی دہلی، 13 اگست (ہ س)۔ وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو نے جمعرات کو پارلیمانی امور اور اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو اور محنت و روزگار نیز نوجوانوں کے امور و کھیل کے وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ کو ریلوے کے ’وار روم‘ کے کام کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ ا
اشونی ویشنو نے مرکزی وزراءکو دکھایا ریلوے کا ’وار روم‘، اے آئی کے ذریعے ہو رہی لائیو نگرانی


نئی دہلی، 13 اگست (ہ س)۔

وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو نے جمعرات کو پارلیمانی امور اور اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو اور محنت و روزگار نیز نوجوانوں کے امور و کھیل کے وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ کو ریلوے کے ’وار روم‘ کے کام کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ اس دوران وزراء نے لائیو اسٹیشن فیڈ، مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی نظام اور آپریشن سے متعلق اعداد و شمار کے ذریعے ریلوے کی سرگرمیوں کی نگرانی کا انتظام دیکھا۔

وزیرِ ریلوے نے بتایا کہ ’وار روم‘ سے ریلوے اسٹیشنوں کی لائیو فیڈ دیکھی جا سکتی ہے۔ اس میں پلیٹ فارم، فٹ اوور برج اور اسٹیشن کے باہر کے علاقوں کی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھی جا سکتی ہے۔ نئی دہلی اور حضرت نظام الدین جیسے اہم اسٹیشنوں کی لائیو فیڈ ایک مرکزی مقام سے مانیٹر کی جا سکتی ہے۔

اس نظام میں افسران کو کسی مخصوص مقام کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے لیے مختلف کیمروں کی فیڈ کو زوم کرنے کی سہولت بھی حاصل ہے۔ اے آئی پر مبنی نظام مقررہ اشاروں کی بنیاد پر یہ معلومات فراہم کر سکتا ہے کہ کسی مخصوص مقام پر کیا واقعہ پیش آیا۔ اس سے افسران کو کسی واقعے کو تیزی سے سمجھنے اور اس کے مطابق کارروائی کرنے میں مدد ملتی ہے۔

ریلوے کے ’وار روم‘ کا استعمال بھیڑ بھاڑ کے اوقات، تہواروں اور زیادہ مسافروں کی آمدورفت والے مواقع پر مختلف اسٹیشنوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے کیا جا سکتا ہے۔ اس سے مسافروں کی تعداد اور ان کی آمدورفت میں ہونے والی تبدیلیوں کی نگرانی میں مدد ملتی ہے۔

یہ نظام ٹرینوں کی آمدورفت اور ان کی تاخیر کی بھی نگرانی کرتا ہے۔ افسران یہ معلوم کر سکتے ہیں کہ کون سی ٹرین تاخیر سے چل رہی ہے اور تاخیر کی وجہ کیا ہے۔ دستیاب معلومات کی بنیاد پر ریلوے کی ٹیمیں صورتحال کا جائزہ لے کر ضروری کارروائی کر سکتی ہیں، تاکہ تاخیر کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکے۔

دونوں مرکزی وزراء نے ریلوے کے ’وار روم‘ میں لائیو اسٹیشن فیڈ، اے آئی پر مبنی تجزیے اور ٹرین آپریشن سے متعلق اعداد و شمار کے ذریعے ریلوے آپریشن کی نگرانی کے مکمل عمل کا براہِ راست مشاہدہ کیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande