
امپھال، 13 اگست (ہ س)۔ منی پور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیکورٹی فورسز اور پولیس کی طرف سے کی گئی مختلف کارروائیوں میں مبینہ جبری وصولی میں ملوث عسکریت پسند کارکنوں اور منشیات کے اسمگلروں سمیت متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں منشیات، دھماکہ خیز مواد اور دیگر ممنوعہ اشیاءبرآمد کی گئیں۔
12 اگست کو، مخصوص معلومات کی بنیاد پر، تھوبل سی ڈی او کی ایک ٹیم نے کھونگجوم پولیس اسٹیشن کے علاقے کے تحت سپم علاقے میں تلاشی کی کارروائی کی۔ اس دوران، 41 سالہ چونگتھام پریم چند سنگھ، جو کے وائی کے ایل کا ایک مبینہ فعال کیڈر ہے اور جبری وصولی میں ملوث ہے، کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایک اور کارروائی میں، پولیس کی ایک ٹیم نے سیناپتی کرونگ رہائشی 26 سالہ لکشمن رسائلی،لیروچنگ کو امپھال مشرقی ضلع کے کھابم لمکھائی سے گرفتار کیا۔ اس کے قبضے سے کوڈین پر مشتمل کھانسی کے شربت کی 1,908بوتلیں اور این ایل 01 اے جی 0746 نمبر والا ٹاٹا ٹرک برآمد کیا گیا۔
پولیس کی ایک اور ٹیم نے مشرقی ضلع امپھال کے کیراو¿ مکنگ اوانگ لیکائی کے رہائشی 44 احمد حسین کو ایرل بنگ کے علاقے سے گرفتار کیا۔ اس کے قبضے سے 45 گرام مشتبہ ہیروئن پاو¿ڈر برآمد ہوا۔
ہیانگلام پولیس اسٹیشن کے علاقے کے تحت ضلع کاکچنگ کے علاقے خوئیڈمپٹ کے ہیانگلام باشیکھونگ مارل میں تلاشی کی کارروائی کے دوران، پولیس نے تقریبا 1 کلوگرام پلاسٹک دھماکہ خیز مواد، 14 ڈیٹونیٹر اور تقریبا 12 انچ حفاظتی فیوز برآمد کیا۔
چوراچاند پور ضلع میں، پولیس نے لوئر مشن وینگ، ہیانگتم لامکا کے علاقے میں ایک گاڑی کو روکا اور 43 سالہ تھنگلامکھپ منلن کو گرفتار کیا۔ اس کے پاس مشتبہ براو¿ن شوگر سے بھرے 33 صابن کے ڈبے پائے گئے جن کا کل وزن 474 گرام تھا۔ جائے وقوعہ سے رجسٹریشن نمبر ایم این 06 ایل 3170 والی ہنڈائی کریٹا بھی ضبط کی گئی۔
مشرقی امپھال میں سی ڈی او کی ٹیم نے 2 جیک لی کے ساتھ مل کر 23 ینسمبام اناو¿ میتئی کو کانگبا لارینپت سے گرفتار کیا۔ کہا جارہا ہے کہ وہ کے سی پی (ایم ایف ایل) کا ایک مبینہ فعال کیڈر ہے اور جبری وصولی میں ملوث ہے۔
اس سے قبل ہینگانگ پولیس اسٹیشن اور سی ڈی او امپھال ایسٹ کی مشترکہ ٹیم نے منی پور کے منتری پکھری بازار میں انسداد منشیات مہم چلائی۔ آپریشن کے دوران محمد عقیل الرحمان (28)، اریبم افتر (21) اور محمد اقبال خان (44) کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے پاس سے کوڈین پر مبنی ممنوعہ اشیاء کی 142 بوتلیں اور ایک آئی 20 کار برآمد ہوئی۔
دہلی پولیس کی درخواست پر چوراچند پور پولیس اسٹیشن نے کانگوائی علاقے سے چوری شدہ کالی ہنڈائی برآمد کی اور اسے دہلی پولیس کے اتم نگر پولیس اسٹیشن کی ٹیم کے حوالے کر دیا۔
اسی دن، سی ڈی او امپھال ایسٹ نے خواتین پولیس اہلکاروں اور 28 آسام رائفلز کے ساتھ مل کر 27 سالہ اوینم (اونگبی) ٹنڈن دیوی کو مبینہ منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں سیکٹا اوانگ لیکائی سے گرفتار کیا۔ اس کے پاس سے 22.75 کلوگرام مشتبہ گانجا اور ایک موبائل فون برآمد کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی