
مہاراشٹر میں شدید بارش کا امکان ممبئی سمیت گیارہ اضلاع میں ایلو الرٹ
۔ کونکن گھاٹ علاقوں اور مشرقی ودربھ میں تیز بارش کی پیش گوئی شہریوں کو احتیاط کی ہدایت
ممبئی ، 13 اگست (ہ س) مہاراشٹر میں محکمہ موسمیات نے ممبئی سمیت ریاست کے گیارہ اضلاع میں شدید بارش کے امکان کے پیش نظر یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کونکن، وسطی مہاراشٹر کے گھاٹ علاقوں اور مشرقی ودربھ کے بعض حصوں میں تیز بارش کے ساتھ بجلی چمکنے اور گرج چمک کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ موسمیاتی انتباہ کے پیش نظر انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ شہریوں سے بھی احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کونکن خطے میں جمعرات کو بارش کی شدت بڑھ سکتی ہے۔ ممبئی، تھانے، رائے گڑھ، رتناگیری اور سندھودرگ میں شدید بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ وسطی مہاراشٹر کے ناسک، پونے، ستارا اور کولہاپور کے گھاٹ علاقوں میں بھی تیز بارش ہوسکتی ہے، جبکہ مشرقی ودربھ کے گوندیا اور گڑچیرولی اضلاع میں بعض مقامات پر شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ریاست کے دیگر علاقوں میں بارش کی شدت نسبتاً کم رہنے کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر ہلکی بارش کے ساتھ بجلی چمکنے اور گرج چمک کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خاص طور پر گھاٹ اور نشیبی علاقوں میں سفر کے دوران احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ دریں اثنا، ودربھ میں بارش کی کمی نے کسانوں کی تشویش بڑھا دی ہے۔ خریف فصلوں کے لیے اس وقت مناسب بارش کی ضرورت ہے، تاہم اگست میں بارش کمزور پڑنے سے کئی علاقوں میں صورتحال تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ جولائی کے آخری دنوں میں اچھی بارش سے کمی کسی حد تک پوری ہوئی تھی، لیکن اس کے بعد بارش کی رفتار دوبارہ کم ہوگئی۔
یکم جون سے 12 اگست تک ناگپور ضلع میں 483 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس مدت میں اوسط بارش 610 اعشاریہ 6 ملی میٹر ہونی چاہیے تھی۔ اس طرح ناگپور میں بارش کی کمی تقریباً 21 فیصد رہی ہے۔ پورے ودربھ میں بارش کی مجموعی کمی تقریباً 13 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔امراوتی میں بارش معمول سے تقریباً 26 فیصد کم رہی، جبکہ چندرپور میں 22 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم بلڈھانہ اور گوندیا میں اوسط کے مقابلے تقریباً 10 فیصد زیادہ بارش ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آنے والے دنوں میں کونکن، گھاٹ علاقوں اور مشرقی ودربھ میں بارش کا زور بڑھ سکتا ہے۔ انتظامیہ اور شہریوں کو مقامی موسمی انتباہات پر نظر رکھنے اور خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے