پونے سائبر پولیس نے بین ریاستی ڈیجیٹل گرفتاری ریکیٹ کا پردہ فاش کیا ۔سوشل میڈیا ریلز بنانے والا ملزم گرفتار
بزرگ شہری کو فرضی فوجداری مقدمے میں گرفتاری کا خوف دکھا کر دس کروڑ چوہتر لاکھ روپے ہتھیانے کی مبینہ کوشش پونے، 13 اگست (ہ س) پونے سائبر پولیس نے ایک بین ریاستی سائبر جرائم کے نیٹ ورک کا پردہ فاش کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس نے ایک بیاسی سالہ بزرگ ش
Maha Pune Cyber Police Digital Arrest Racket


بزرگ شہری کو فرضی فوجداری مقدمے میں گرفتاری کا خوف دکھا کر دس کروڑ چوہتر لاکھ روپے ہتھیانے کی مبینہ کوشش

پونے، 13 اگست (ہ س) پونے سائبر پولیس نے ایک بین ریاستی سائبر جرائم کے نیٹ ورک کا پردہ فاش کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس نے ایک بیاسی سالہ بزرگ شہری کو فرضی سنگین فوجداری مقدمے میں گرفتاری کا خوف دکھا کر دس کروڑ چوہتر لاکھ روپے منتقل کرنے پر مجبور کیا۔ پولیس نے اس معاملے میں پمپل گڑاو کے رہائشی 26 سالہ روہن رامیشور جادھو کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے بزرگ شہری کو بتایا کہ ان کے بینک اکاؤنٹ کا استعمال سنگین جرم سے متعلق رقم وصول کرنے کے لیے کیا گیا ہے اور انہیں اور ان کے اہل خانہ کو کسی بھی وقت گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ فرضی قانونی کارروائی اور گرفتاری کی دھمکیوں سے خوفزدہ کرکے متاثرہ شخص سے دس کروڑ چوہتر لاکھ روپے منتقل کرانے کی مبینہ کوشش کی گئی۔ گرفتار روہن رامیشور جادھو کا تعلق اصل میں چھترپتی سنبھاجی نگر سے ہے۔ وہ بی ایس سی گریجویٹ ہے اور سوشل میڈیا پر بھی سرگرم تھا۔ پولیس کے مطابق ریلز بنانے کے باعث اسے سوشل میڈیا پر خاصی مقبولیت حاصل ہوئی تھی۔

تحقیقات کے دوران پولیس کو پانچ ہزار چار سو چھتیس بینک اکاؤنٹس میں مشتبہ لین دین کا سراغ ملا ہے۔ پولیس نے اب تک اس ریکیٹ سے منسلک تقریباً ایک کروڑ چونتیس لاکھ روپے کی رقم منجمد کرائی ہے۔تفتیش میں سامنے آیا کہ 30 جنوری کو مشتبہ بینک اکاؤنٹس میں سے ایک میں 75 لاکھ روپے جمع کیے گئے تھے۔ اس کے بعد اس رقم میں سے ساڑھے چھ لاکھ روپے مزید تین بینک اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے۔ سائبر کرائم پورٹل سے حاصل معلومات، بینک لین دین کے ریکارڈ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پولیس نے رقم کی منتقلی کا سراغ لگایا اور روہن جادھو تک پہنچی۔ اسے پمپل گڑاو سے گرفتار کیا گیا۔

اس معاملے میں چار دیگر ملزمان کو پولیس پہلے ہی گرفتار کرچکی ہے۔ ان کی شناخت 26 سالہ ہرشد سبھاش دھنتولے، 24 سالہ سمرتھ دیشمکھ، 24 سالہ امر اٹارگی اور دہلی کے رہائشی 31 سالہ پرنو کرن سنگھ آریہ کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق اب تک کی تحقیقات میں اس سائبر جرائم پیشہ گروہ کا ملک بھر میں 29 معاملات سے تعلق سامنے آیا ہے۔ پولیس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی شناخت اور رقم کی منتقلی کے پورے سلسلے کا سراغ لگانے میں مصروف ہے۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈیجیٹل گرفتاری کے نام پر ہونے والے سائبر فراڈ کا شکار نہ ہوں۔ کسی نامعلوم شخص کے ساتھ بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات، او ٹی پی یا دیگر مالی معلومات شیئر نہ کریں اور کسی کے کہنے پر رقم منتقل نہ کریں۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande