
علی گڑھ, 13 اگست (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے پرو وائس چانسلر پروفیسر ایم محسن خان اور رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر کے ہمراہ اے ایم یو کے شعبہ نفسیات کے سالانہ میگزین ‘‘ڈیسائیفر’’ کے 2025-26 ایڈیشن اور شعبے کی جانب سے تیار کردہ ذہنی صحت سے متعلق ایک کتابچے کا اجرا کیا۔
شعبہ نفسیات کے چیئرپرسن پروفیسر شاہ عالم نے یہ مطبوعات معززین کے ساتھ ہی ‘‘ڈیسائیفر’’ کی ادارتی ٹیم اور اے ایم یو کی سائیکولوجیکل سوسائٹی کے اراکین کو پیش کیں۔
پروفیسر نعیمہ خاتون نے اشاعتوں کی تیاری کو ممکن بنانے میں ادارتی ٹیم کی محنت کی تعریف کی اور ذہنی صحت سے متعلق کتابچے کی افادیت پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ذہنی صحت کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بیداری اور بہتر تفہیم کو فروغ دینے کے لیے اس کتابچے کو یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں تقسیم کیا جائے۔
‘‘ڈیسائیفر’’ اے ایم یو کے طلبہ کو نفسیات اور دنیا کے بارے میں ان کے تصورات و تجربات کے باہمی تعلق کو دریافت کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
ذہنی صحت سے متعلق کتابچہ شعبہ نفسیات کے پروفیسر شاہ عالم اور ڈاکٹر سارہ جاوید نے مرتب کیا ہے، جبکہ ڈاکٹر شبنم عالم نے اسے ہندی میں ترجمہ کیا ۔ کتابچے میں ذہنی صحت سے متعلق مسائل کو طلبہ کے لیے آسان اور قابل فہم انداز میں پیش کیا گیا ہے اور اسے طلبہ و دیگر قارئین کے لیے ایک آسان اور مفید رہنما کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ