
علی گڑھ, 13 اگست (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ سنّی دینیات میں ریسرچ اسکالرز کی جانب سے پندرہ روزہ مقالہ خوانی پروگرام منعقد کیا گیا، جس کی صدارت شعبہ کے سربراہ پروفیسر محمد راشد اصلاحی نے کی۔
اس دوران ریسرچ اسکالر محمد راغب نے ‘‘اسلام اور عالمی امن، قرآن و حدیث کی روشنی میں’’ عنوان پر مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ایسا مذہب ہے جس میں ایک قتل ناحق کو پوری انسانیت کے قتل کے مترادف کہا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دین اسلام کا مقصد دنیا میں امن و امان کا قیام اور فساد کا خاتمہ ہے، اور پورے عالم کی فضا کو صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے رحمت و سلامتی اور امن و امان کا گہوارہ بنانا ہے۔
دوسری مقالہ نگار شیزا خلیل نے ‘‘اسلامک انوائرمنٹل ایتھکس اینڈ دی گلوبل کلائیمیٹ کرائسیز’’ کے عنوان پر مقالہ پیش کیا، جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ماحولیات کا تحفظ محض ایک عصری یا سماجی مسئلہ نہیں، بلکہ مسلمانوں کے لیے ایک اہم مذہبی فریضہ ہے۔ اسلام کے ماحولیاتی فلسفے کی بنیاد یہ ہے کہ کائنات اور اس کے وسائل انسان کی لامحدود ملکیت نہیں بلکہ ایک مقدس امانت ہیں، جن کا ذمہ دارانہ استعمال ہر انسان پر فرض ہے۔
پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے پروفیسر محمد راشد اصلاحی نے کہا کہ علم کا مقصد دوسروں کو فائدہ پہنچانا ہے۔ وقت کا صحیح استعمال ہر ایک طالب علم کے لیے ضروری ہے۔ تمام طلبہ خود کو علمی مشاغل میں مصروف رکھیں۔ علم کے بغیر انسان صحیح راستے پر گامزن نہیں ہو سکتا، علم ہی کے ذریعہ سے جہالت اور تاریکی کو دور کیا جا سکتا ہے۔
شعبہ کے سینئر استاد ڈاکٹر ندیم اشرف نے طلبہ کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مقالہ تحریر کرتے وقت ریسرچ کے طریقہ کار اور اصولوں کو ہمیشہ سامنے رکھنا چاہیے اور گہرائی کے ساتھ ان کا مطالعہ کرنا چاہیے تاکہ مقالہ بہتر طریقے پر استفادہ کے قابل بن سکے۔ ڈاکٹر حبیب الرحمٰن نے دونوں مقالہ نگاران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھیں خود کو علمی مشاغل میں مصروف رکھنا چاہیے اور ہمہ وقت کچھ نہ کچھ سیکھنے کے لیے کوشاں رہنا چاہیے۔
پروگرام کی نظامت ریسرچ اسکالرز ایسوسی ایشن کے کنوینر زاہد علی نے کی، جبکہ کلماتِ تشکر مروہ اسرار نے ادا کیے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ